کڈھن پولیس اور بااثر وڈیرے کے ظلم کیخلاف مکین کا احتجاج

112

بدین (نمائندہ جسارت)بااثر وڈیرے اور کڈھن پولیس کے خلاف بدین کے نواحی گاؤں حاجی گل محمد جمالی کے رہائشی اللہ ڈنو جمالی کااپنے بیٹے کے ہمراہ بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ۔ بدین پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے مخالفین غلام حسین جمالی ، انور جمالی اور محمد علی جمالی سمیت کڈھن پولیس پر زیادتی اور ناانصافی کا الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ غلام حسین جمالی جس پر اس سے قبل بھی مختلف الزامات میں مقدمات درج ہیں اور وہ مختلف جرائم میں ملوث ہے اور جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی بھی کرتا ہے اس نے چند روز قبل میرے بھائیوں پر حملہ کر کے ان کو شدید زخمی کر دیا اور ایک بھائی کی ٹانگیں بھی توڑ دیں وہ حیدرآباد میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کی انتہا یہ ہے کہ میرے زیر علاج زخمی بھائیوں سمیت مجھ پر بااثر وڈیرے نے کڈھن تھانے میں جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کرایا ہے ۔میرے بھائی جوکہ زخمی حالت میں زیر علاج ہیں اور میں ان کے علاج کے لیے دربدر ہوں پولیس بااثر وڈیرے کے کہنے پر ہمارے گھر وں پر چھاپے مار رہی ہے۔ مخالفین سے مل کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر کے خواتین اور بچوں میں خوف و ہراس پیدا کر رہی ہے اور ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔پولیس ہمیں تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کے بجائے مخالفین کوغنڈا گردی کی کھلی چھوٹ دے رہی ہے جس کے باعث ہم اپنے ہی گھروں میں نہیں جا سکتے۔ اللہ ڈنو جمالی نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس آف سندھ ،بلاول زرداری ،وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ سمیت تمام اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے ان کو اور ان کے خاندان کو تحفظ فراہم کرنے اور ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمیں انصاف اور تحفظ نہ ملا تو میں اپنے بچوں سمیت نا صرف احتجاج کروں گا بلکہ اس ظلم وجبر اور ناانصافی کے خلاف خود سوزی بھی کرنی پڑی تو کروں گا ، مگر ان ظالم عناصر کے خلاف خاموش نہیں رہوں گا۔