ہ گیس پریشر کا بہانا بنا کر پورے شہر کو تاریکی میں ڈبونے کی کوشش کی گئی تو جماعت اسلامی پر امن دھرنے کو کے الیکٹرک کے گھیراؤ میں تبدیل کردے گی,جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن

62

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ گیس پریشر کا بہانا بنا کر پورے شہر کو تاریکی میں ڈبونے کی کوشش کی گئی تو جماعت اسلامی پر امن دھرنے کو کے الیکٹرک کے گھیراؤ میں تبدیل کردے گی ،ہیٹ ویوز کی لہر میں اگر لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئیں تو کے الیکٹرک اور اس کے شراکت داروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائیں گے ، کے الیکٹرک اپنا قبلہ درست کرے اور فوری طور پر لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کرے اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شب ادارہ نور حق میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ، کے الیکٹرک کمپلینٹ سیل کے چیئرمین عمران شاہد ، انجینئر صابر احمد ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک کی جانب سے گیس پریشر کی کمی کو بنیاد بنا کر لوڈشیڈنگ کا اعلان کرنے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف وہ حقائق جو اب تک جماعت اسلامی بیان کرتی آئی ہے وہ ایک ایک کر کے سچ ثابت ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک ایک جانب بجلی کی قیمتیں فرنس آئل کی بنیاد پر لیتی ہے، دوسری جانب گیس پریشر کی کمی کی کو بنیاد بنا کر لوڈ شیڈنگ کا اعلان کیا جاتاہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ قیمتوں کے تعین میں ان کی جانب سے پوری قوم کو دھوکا دیا جارہا ہے۔ فرنس آئل سے چلنے والے ٹربائن بند رکھے جاتے ہیں اور گیس جو کہ سستا ایندھن ہے اس سے جس قدر بجلی بنتی ہے اس سے کراچی کے عوام کو بجلی سپلائی کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے اعلان سے ہماری یہ بات بھی ثابت ہوتی ہے کہ کے الیکٹرک اپنی استعداد کے مطابق بجلی پیدا نہیں کررہی اور کراچی کے عوام کو ناجائز منافع کے خاطر لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا کررکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک ایک مافیا بن گئی ہے جس کا کام ہر جائز اور ناجائز طریقے سے عوام سے پیسے لوٹنا ہے جبکہ عوام کو بجلی کی فراہمی میں کے الیکٹرک مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے ۔ اس سے کے الیکٹرک کی بے ایمانی اور نااہلی مکمل طور پر عیاں ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈ شیڈنگ میں اضافے کا اعلان قومی و صوبائی حکومتوں کی سرپرستی سے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے معاملات پر مکمل تحقیقات کی ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ کے الیکٹرک کراچی کے عوام کے لیے مسلسل عذاب کا باعث بن چکی ہے ۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی کراچی کے تحت کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے شہریوں سے 200ارب روپے سے زائد غیر قانونی طور پر وصول کر نے،اووربلنگ،چھوٹے صارفین کے لیے نرخوں میں اضافے اور کے الیکٹرک ،نیپرا اور حکومتی گٹھ جوڑ کے خلاف احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے میں دوسرا احتجاجی دھر نا آج شام 5بجے کے الیکٹرک آفس ،حبیب بینک ، سائٹ ایریا پر ہو گا ۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،ضلع غربی کے امیر عبد الرزاق خان اور دیگر رہنما دھر نے سے خطاب کریں گے ۔واضح رہے کہ کے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی تحریک کے سلسلے میں آئندہ آنے والے دنوں میں جماعت اسلامی کی جانب سے ہر ڈسٹرکٹ میں احتجاجی دھر نا دیا جائے گا اور جمعہ 22اپریل کو گورنر ہاؤس پر احتجاجی دھر نا دیا جائے گا ۔