آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈ سٹریز کے صدر حاجی محمد ہارون میمن کی زیر صدارت شہر کی 55 سے زائد تاجر تنظیموں کے نمائندہ عہدیداروں کا اجلاس ان کی رہائشگاہ پر ہوا

156

سکھر( نمائندہ جسارت) آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈ سٹریز کے صدر حاجی محمد ہارون میمن کی زیر صدارت شہر کی 55 سے زائد تاجر تنظیموں کے نمائندہ عہدیداروں کا اجلاس ان کی رہائشگاہ پر ہوا جس میں گلزار بھٹو ،حاجی صابر ،محمد طاہر خان، فیاض خان، مولانا عثمان فیضی، بدر رفیق قریشی، خواجہ جلیل احمد ،عبدالمتین بندھانی، حاجی انور وارثی، محمد زاہد یامین ، ملک رضوان الحق، عبدالرحمن انصاری، حاجی محمد شفیع عباسی ، برکت علی سولنگی ، عبدالرحیم سیٹھی، خواجہ جلیل احمد،زاہد اقبال ، عطامحمد قریشی ، شاکر کمبوہ اور محمد علی میمن ، رضوان لالا جندہ و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر حاجی محمد ہارون میمن نے آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کی تنظیم تحلیل کرکے ریٹائرڈ ہونے کا اعلان کیا، جس پر اجلاس میں شریک تمام تاجر رہنماؤں نے اجلاس میں کھڑے ہوکر حاجی محمد ہارون میمن کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو واپس لینے اپیل کی۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی اور سرپرست اعلیٰ آپ ہی ہیں اور تاجروں کی اس نمائندہ تنظیم کی سرپرستی یا رہنمائی آپ ہی کو کرنی چاہیے۔ اجلاس میں شریک تمام تاجر رہنماؤں نے حاجی محمدہارون میمن کو نئے عہدیداروں کے حوالے سے نامزدگی اور تقرریوں کے اختیارات دیتے ہوئے مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ حاجی محمد ہارون میمن تاجروں اور شہر کے مفاد میں جو فیصلہ کریں گے تاجر برادری کے لیے قابل قبول ہوگا۔ گلزار بھٹو نے کہا کہ حاجی محمد ہارون میمن نہ صرف سکھر کی تاجر برادری بلکہ آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بھی چیئرمین ہیں اور وہ بہتر انداز سے تاجر برادری کی سکھر سمیت ملک بھر میں نمائندگی کا حق ادا کررہے ہیں۔ ملک رضوان الحق نے کہا کہ حاجی محمد ہارون میمن کی تاجر برادری اور شہریوں کے لیے کی گئی خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہیں اور ہم ان کی قیادت پر فخر کرتے ہیں۔ حاجی انور وارثی نے کہا کہ حاجی محمد ہارون میمن کی جانب سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ تاجر برادری نے بھاری اکثریت سے ناقابل قبول قرار دے دیا ہے، لہٰذا وہ آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کی سرپرستی و رہنمائی کرکے تاجر برادری اور شہریوں کی خدمت جاری رکھیں۔ صابر کپتان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ حاجی محمد ہارون میمن کی عمر دراز فرمائیں جب تک وہ ہیں تاحیات سرپرست اور رہنما رہیں گے ۔ حاجی محمدہارون میمن کی شخصیت تاجر برادری کے لیے اتحاد و یکجہتی اور اتفاق کی علامت ہے۔عامر غوری نے کہا کہ حاجی محمد ہارون میمن نے تاجروں کو اعتماد میں لیے بغیر ریٹائرمنٹ کا جو اعلان کیا ہے اس سے ہم متفق نہیں، ہماری خواہش ہے کہ حاجی محمد ہارون میمن تاجروں کی قیادت کا سلسلہ جاری رکھیں۔ عبدالمتین بندھانی نے کہا کہ تاجر برادری حاجی محمدہارون میمن کی زیر سرپرست اور قیادت میں ہی متحد رہ سکتی ہے۔ مولانا عثمان فیضی نے کہا کہ حاجی محمد ہارون میمن نہ صرف ایک تاجر رہنما بلکہ ایک ملنسار اور ہر کسی کے کام آنے والی شخصیت ہے ہم ان کی قیادت میں کام جاری رکھیں گے۔ مشتاق احمد نے کہا کہ تاجر برادری اور شہریوں کی خواہش ہے کہ حاجی محمدہارون میمن ہمارے ساتھ مل کر خدمات انجام دیتے رہیں۔ برکت سولنگی نے کہا کہ آج کے دور میں خود کو سرپرست اور قیادت سے علیحدہ کرنے کے اعلان کرنے والے کم ہی ملتے ہیں یہ حاجی محمد ہارون میمن کا اخلاص ہے کہ وہ اپنے عہدے سے ریٹائرمنٹ کا علان کررہے ہیں مگر تاجر برادری انہی کی سرپرستی اور قیادت میں کام کرتی رہے گی۔ تاجروں کے اس بے حد اصرار پر حاجی محمدہارون میمن نے ان کے اعتماد کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی ریٹائرمنٹ کے اعلان کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے کہا کہ سکھر کی تاجر تنظیمیں ہماری دست و بازو ہیں اور ہم نے ہمیشہ تاجروں اور شہریوں کے مفاد کو مقدم رکھا تاجروں کے اتحاد و قوت کو کبھی سیاسی مقاصد کے لیے کبھی استعمال نہیں کیا ۔ جس کی وجہ سے آج سکھر میں تاجر برادری متحد و منظم ہے ۔