اسکول مسمار کیس ، ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار 3روزہ ر یمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے

68

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کی عدالت نے سولجر بازار میں جیوفل ہر سٹ اسکول گرانے سے متعلق مقدمے میں سولجر بازار تھانے کے ایس ایچ سمیت 4 پولیس اہلکاروں کو 3روزہ ریمانڈ پر سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کردیا ہے۔سی ٹی ڈی پولیس نے اسکول گرانے سے متعلق مقدمے میں سولجر بازار تھانے کے ایس ایچ او سمیت 4پولیس اہلکاروں کو عدالت میں پیش کیا۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزمان نے بلڈر مافیا کے ساتھ مل کر سولجر بازار میں قائم جیو فل ہرسٹ اسکول پر قبضے اور اسکول کو مسمار کرنے کی کوشش کی، ملزمان سے مزید تفتیش باقی ہے لہٰذا استدعا ہے کہ ملزمان کو ریمانڈ پر دیا جائے۔جس پرعدالت نے سولجر بازار تھانے کے ایس ایچ سمیت 4 پولیس اہلکاروں کو 3روزہ ریمانڈ پر سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کردیا ۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان نے بلڈر مافیا کے ساتھ مل کر ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسکول کے کمرے اور دیواریں گرادی تھیں، ملزمان کے خلاف محکمہ کلچر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مقدمے میں 2ملزمان عابد قریشی او ر ذیشان نے عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔