حادثات وواقعات میں3خواتین سمیت 5افرادجاں بحق

124

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں حادثات وپرتشدد واقعات میں3 خواتین سمیت 5افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں سڑک کنارے سے2 خواتین کی لاشیں ملیں جنہیں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قتل ہونے والی دونوں خواتین ماں بیٹی ہیں اور دونوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق کرن نامی لڑکی نے 4 ماہ قبل ناصر نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی لیکن گھریلو ناچاقی پر وہ اپنے شوہر سے خلع لینا چاہتی تھی اور کرن آج جیسے ہی اپنی والدہ کے ہمراہ ملیر کورٹ جانے کے لیے نکلی تو ملزم نے فائرنگ کر کے دونوں کو قتل کردیا، ملزم ناصر کی یہ تیسری شادی تھی۔ادھر ماڈل کالونی میں نوجوان لڑکی مبینہ طور پر جھلس کر ہلاک ہوگئی ، لڑکی کی خالہ کے مطابق اس کو دو لڑکوں نے پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی ہے۔ایس پی شاہ فیصل علی آصف کے مطابق لاڑکانہ کی رہائشی نوجوان لڑکی اپنی خالہ کے گھرآئی ہوئی تھی۔ خالہ کے مطابق لڑکی کو دو نوجوانوں نے پیٹرول چھڑک کر جلایا ہے۔ایس پی شاہ فیصل کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی خالہ کا بیان مشکوک لگتا ہے ،خالہ کاکہنا ہے کہ جس وقت لڑکی کو جلایا گیا وہ نہارہی تھی۔ لڑکی کی خالہ کے مطابق دو لڑکوں نے گھر میں داخل ہوکر لڑکی پر پیٹرول چھڑکا اور آگ لگادی ،مقتولہ کی خالہ کے مطابق اسے اس وقت پتا چلا جب وہ نہاکر نکلی ۔اس کے علاوہ سہراب گوٹھ کے علاقے سے بھی جھاڑیوں سے ایک تشددد زدہ لاش ملی تھی جس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے جب کہ لانڈھی سے بھی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہوئی ہے جنہیں شناخت کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔