حافظ نعیم سے اسٹیل ریفرنڈم جیتنے والی یونین کے وفد کی ملاقات

95

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن نے ریفرنڈم 2017ء میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی یونین کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تاریخی کامیابی ہے جس سے جمود ٹوٹا ہے اور اسٹیل مل کے ملازمین میں امید پیدا ہوئی ہے ، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمیں آپس میں اتحاد و یکجہتی کو برقرار رکھنا ہوگا اور اسٹیل مل کی شناخت کو واپس لانا ہوگا اور اسٹیل مل کی کسی صورت نج کاری نہیں کرنی دی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ادارہ نور حق میں تحریک انصاف لیبر ونگ سندھ کے جنرل سکریٹری نعیم عادل شیخ کی قیادت میں انصاف لیبر یونین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں تحریک انصاف لیبر ونگ کے صدر گل نمروز ، انصاف لیبر یونین کے صدر سرور نیازی ، دیگر عہدیداران اوربڑی تعداد میں ملازمین بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے انصاف لیبر یونین کے جنرل سکریٹری یاسین جامڑو کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی اور مٹھائی کھلائی ۔ اس موقع پرپاسلو یونین کے صدر حاجی خان لاشاری اور جنرل سکریٹری ظفر خان ،پاسلو یونین کے سابق صدروجماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، این ایل ایف کے رہنماخالد خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ اسٹیل مل ایک قومی اثاثہ ہے جسے کسی صورت فروخت نہیں کرنے دیا جائے گا یہ ایک نظریاتی جدوجہد ہے جس میں جماعت اسلامی مزدوروں کے حقوق کی جنگ میں آپ کے ساتھ ہے امید ہے کہ ان شاء اللہ اسٹیل مل ایک دفعہ پھر سے ترقی کی طرف گامزن ہوگا ۔یاسین جامڑو نے کہا کہ ہم سب مل ادارے کے تمام مزدوروں کو ان کے حقوق دلوائیں گے ۔ نعیم عادل نے کہا کہ ریفرنڈم میں کامیابی اسٹیل مل کے تمام مزدوروں کی کامیابی ہے ، ہم سب مل کر اسٹیل مل کی بقا کی جدوجہد کریں گے اور ریفرنڈم میں جماعت اسلامی کی حمایت کا تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے انصاف لیبریونین کے ساتھ مل کر مزدوروں کے حقوق کے لیے ہمارا ساتھ دیا اور ہمیں امید ہے کہ پاسلو یونین آئندہ بھی ہمارے ساتھ مزدوروں کے حقوق کے لیے ہمارے شانہ بشانہ ہوگی ۔