دمشق (رپورٹ: منیب حسین) شام میں امریکی اتحاد کی بم باری سے امریکا نواز ملیشیا کرد شامی جمہوری فوج کے 18 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ جمعرات کے روز الجزیرہ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بم باری کا یہ واقعہ مشرقی صوبے رقہ کے اہم شہر طبقہ کے نواحی گاؤں عاید کبیر میں پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق امریکی اتحاد نے غلطی سے اپنے حلیف کرد جنگجوؤں پر بم باری کی۔ مرنے والوں کا تعلق شامی جمہوری فوج کے ماتحت گروہ ’صقور رقہ‘ سے تھا۔ واقعے میں کئی جنگجو زخمی بھی ہوئے۔ امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون سے جاری بیان میں اس حملے کی تصدیق کی گئی ہے۔ جب کہ شامی جمہوری فوج نے اس حوالے سے جاری کردہ بیان میں امریکا کے ساتھ مل کر تحقیقات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب عراق کے مغربی صوبے انبار پر امریکی اتحاد کی بم باری سے داعش کے 4 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ عراقی فوج کے ایک ذریعے کے مطابق اتحادی جنگی (باقی صفحہ 9 نمبر 15)
طیاروں نے صوبہ انبار کے مغربی علاقے وادئ حوران میں کئی گاڑیوں پر مشتمل داعش کے قافلے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 4 جنگجو ہلاک، جب کہ کئی گاڑیاں اور اسلحہ تباہ ہوگیا۔ انبار کے دارالحکومت رمادی میں بدھ کی شام ہونے والے ایک کار بم دھماکے میں عورتوں اور بچوں سمیت 8 شہری مارے گئے۔ ادھر بدھ کی شام ہی موصل کے قدیم علاقے پر امریکی اتحاد کی بم باری سے ایک ہی خاندان کے 8 شہری جاں بحق ہوگئے۔
شام/ امریکی بمباری