شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی چھاپا مار کارروائیوں کے دوران خاتون منشیات فروش اور سنگین جرائم میں ملوث 119ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ ،منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا

107

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی چھاپا مار کارروائیوں کے دوران خاتون منشیات فروش اور سنگین جرائم میں ملوث 119ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ ،منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا ،رینجرز نے عزیز آباد میں 90 کے قریب سرچ آپریشن کیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی پولیس پارٹی نے خفیہ اطلاع پر چھاپا مار کر خاتون منشیات فروش کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی ،اس ضمن میں ایس پی جمشید ٹاؤن ڈاکٹر رضوان نے بتایا کہ ملزمہ منشیات پشاور سے منگوا کر چھوٹے چھوٹے پیکٹ بنا کر شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا کرتی تھی ۔ ملزمہ کا اپنا تعلق اندرون سندھ سے ہے۔ ملزمہ کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ۔ ادھر سپر مارکیٹ پولیس پارٹی نے کارروائی کر کے غیر قانونی طور پر مقیم 2غیر ملکی محمد اصغر اور محمد ماجد کو گرفتار کرلیا ،جبکہ نیپئر تھانے کی پولیس پارٹی نے کارروائی کر کے 22رکنی ڈکیت گروہ کے کارندے اختر عرف بابو سمیت 2غیر ملکی تازہ گل اور سعید قاسم کو گرفتار کرلیا، ملزم اختر رنچھوڑ لائن کا رہائشی ہے ،دوسری جانب کراچی پولیس نے بدھ اور جمعرات کو شہر کے مختلف علاقوں میں 55چھاپوں کے دوران ایک قاتل ، 5اغوا کار ، ایک دہشت گرد ، 8منشیات فروش ، 2اشتہاری ، 4مفرور اور79دیگر جرائم میں ملوث سمیت 112ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ملزمان کے قبضے سے 21پستولیں ایک ہینڈ گرنیڈ ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔ علاوہ ازیں عزیز آباد میں 90 کے قریب رینجرز کی جانب سے ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی ۔ اس دوران مخصوص گلیوں کے مخصوص گھروں کی تلاشی لی گئی ۔پورے علاقے کا محاصرہ کر کے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔