نوجوان کرپشن کے خاتمے میں فیصلہ کن کردار ادا کرینگے‘ لیاقت بلوچ

247

لاہور (نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلو چ نے جے آئی یوتھ این اے 126 کی ممبر سازی مہم کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ نوجوان ملک و ملت کا عظیم اثاثہ ہیں ۔ نوجوانوں کو جہالت ، غربت ، کرپشن کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہے ۔ تازہ ترین عوامی سروے ظاہر کررہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان اسلام اور پاکستان سے والہانہ محبت رکھتے ہیں ۔ ظلم کے نظام کے خلاف نوجوانوں میں شدید نفرت اور ہر قیمت پر تبدیلی چاہتے ہیں ۔ جے آئی یوتھ ملک بھر کے نوجوانوں کو اسلامی پاکستان ، خوشحال پاکستان کا روڈ میپ دے گی اور ہر مکتبہ فکر کے نوجوان متحد ہوں گے ۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں نوجوانوں کو عزت ، وقار ، روزگار اور کھیل کے میدان دیں بصورت دیگر جرائم ، منشیات اور ردعمل کے جذبات ملک و ملت کے لیے بڑی تباہی لائیں گے ۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ نے گوجرانوالہ میں جامع مسجد صالح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مساجد اللہ کے گھر ، اللہ کی عبادت اور اللہ کو راضی کرنے کا مراکز ہیں ۔ تمام مساجد کو ہر مسلک اورمکتبہ فکر کے اہل ایمان کے لیے کھول دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ نوجوانوں کے لیے اسلامی تعلیمات کی قبولیت کا سازگار ماحول بنایا جائے ۔ اہل ایمان کا فرض ہے کہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کے لیے متوازن زندگی گزاریں ۔ نیک عمل اور بدعمل کا اجر اور سزا قیامت تک قائم رہتاہے ۔ نیکی اختیار کرنا ، عام کرنا اور برائی سے روکنا اور برائی روکنے کے لیے نظام مصطفیؐ ؐکی جدوجہد کرنا محب اسلام عوام پر فرض ہے ۔ آئین پاکستان کا مکمل نفاذ ہی نظام مصطفی ؐہے ۔