نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن میں درجنوں تعیناتیاں غیر قانونی قرار

104

اسلام آباد (آن لائن) نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے درجنوں اعلیٰ افسران کی تعیناتی اور ترقیوں کو غیر قانونی قرا ردیا گیا ہے جبکہ این ٹی سی کے بورڈ آف مینجمنٹ کی تشکیل بھی مروجہ قانون اور ضابطے کیخلاف ہے جس کے احکامات بھی غیر قانونی ہیں۔ یہ آبزرویشن آڈٹ حکام نے اپنی ایک رپورٹ میں دی ہے جو پارلیمنٹ کی متعلقہ کمیٹی کو ارسال کی گئی ہے۔ این ٹی سی میں ڈیپوٹیشن پر جوائن کرنے والے افسران کو ریٹائرمنٹ کے بعد بھاری تنخواہ پر ادارے میں دوبارہ جی ایم کی ملازمت دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ این ٹی سی حکام نے بی سی سی اینڈ آئی منصوبہ ختم ہونے کے باوجود اس کی بنیاد پر کئی افسران بھرتی کر کے غیر قانونی طریقے سے 9.5ملین روپے ادا کر دیے۔سرکاری دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ این ٹی سی نے تعیناتی کے 5سال بعد منظوری وزارت سے حاصل کی ہے۔ این ٹی سی حکام نے جنرل منیجر انفارمیشن ٹیکنالوجی ایک ایسے ریٹائرڈ آفیسر کو تعینات کیا ہے جو اس یونٹ کے معیار پر پورے ہی نہیں اترتے۔ آئی ٹی ماہر کے بجائے سگنل کور کے ریٹائرڈ شخص کو یہ عہدہ دیا گیا ہے۔