وفاقی حکومت صوبوں کو جائز حقوق سے محروم رکھ کر بابر بادشاہ کا کردار ادا کررہی ہے,قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ

121

اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبوں کو جائز حقوق سے محروم رکھ کر بابر بادشاہ کا کردار ادا کررہی ہے ، پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک ، سندھ کو گیس اور پانی سے محروم کرکے نواز شریف آخر چاہتے کیا ہیں ؟ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان کی چاروں اکائیوں کو سنگین مسائل درپیش ہیں لیکن وفاقی حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی اور اپنی ہٹ دھرمی کا مسلسل اظہار کر رہی ہے جو ایک جابرانہ ظالم حکمران بادشاہ کے مترادف ہے، عوامی نیشنل پارٹی پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کیخلاف احتجاج کررہی ہے جبکہ ہم گیس اور پانی نہ دینے پر وفاقی حکومت کیخلاف پارلیمنٹ اور سندھ اسمبلی میں مسلسل احتجاج کررہے ہیں ،اے این پی کے کیمپ میں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں ، پشتونوں کے شناختی کارڈ بلاک کرکے ان کو اقلیت بنانے کی سازش کی جارہی ہے ۔خورشید شاہ نے کہا کہ اگر قومی سمیت صوبائی اسمبلی میں احتجاج کے باوجودبھی ہمارے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا گیا تو ہم سڑکوں پر نکل آئینگے کیونکہ گیس ہماری ہے اور 60 فیصد پنجاب استعمال کررہا ہے۔ حکمران جلا وطنی کاٹنے کے باوجود بھی حالات میں سنگینی کو سمجھ نہیں پارہے۔ جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہونے کو حکومت کے ساتھ کھڑے ہونے سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا ۔