چیئرمین ایف بی آر کی ملازمت میں بجٹ منظوری تک توسیع کا امکان

93

اسلام آباد (آن لائن) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چیئرمین ایف بی آر کی مدت ملازمت میں بجٹ تک توسیع دینے کا اشارہ کر دیا۔ چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر ارشاد کی مدت ملازمت میں وفاقی بجٹ کی منظوری (30 جون) تک توسیع دیے جانے کا امکان ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں بجٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر ارشاد کو بجٹ تیار کرنے کا اشارہ کر دیا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر ارشاد 22 اپریل کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔ ایف بی آر نے ڈاکٹر ارشاد کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری وزارت خزانہ کو بھجوا دی ہے تاہم ڈاکٹر ارشاد کی مدت ملازت میں توسیع حکومت کے لیے قانونی مشکلات پیدا کر سکتی ہے کیونکہ عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں کسی بھی سرکاری افسر کی مدت ملازمت میں توسیع پر پابندی لگا رکھی ہے۔ وزیر خزانہ بجٹ سے پہلے ایف بی آر کے سربراہ کو تبدیل نہیں کرنا چاہتے جبکہ ایف بی آر کا بھی کوئی افسر ٹیکس ٹارگٹ کو حاصل کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر کے لیے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق پاشا، ڈی جی ان لینڈ ریونیو اینڈ انٹیلی جنس تنویر خواجہ اور ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز رحمت اللہ وزیر کا نام بھی زیر غور ہے۔