نئی دہلی (آئی این پی+آن لائن)بھارت نے کہا ہے کہ کل بھوشن کے معاملے پرپاکستان کے ساتھ رابطے میں ہیں تاہم کل بھوشن کے مقام اور صحت کے بارے میں علم نہیں ، کل بھوشن بھارتی بحریہ کا ریٹائرڑ افسر اور ایک معصوم بھارتی شہری ہے جسے ایران سے اغوا کیا گیا تھا۔جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال بگلے نے کہاکہ کل بھوشن کے پاکستان میں مقام اور اس کی صحت کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔ترجمان کاکہنا تھاکہ کل بھوشن جسے پاکستان نے جاسوس قرار دے کر سزائے موت دی ہے بھارتی بحریہ کا ریٹائرڑ افسر اور ایک معصوم بھارتی شہری ہے ۔گوپال بگلے نے مزید کہاکہ تمام اشاروں سے پتا چلتا ہے کہ کل بھوشن کو ایران سے اغوا کیا گیا تھا اس کا ایران میں ایک چھوٹا سا کاروبار تھا۔ایرانی حکومت نے گزشتہ سال بتایا تھا لیکن کوئی معلومات دستیاب نہیں تھیں۔دریں اثنابھارتی اخبار کو انٹر ویو دیتے ہوئے بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رکن اور سابق وزیر مانی شنکر کا کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان سے مذاکرات کے لیے سگنلز دینے ہوں گے کیونکہ پاک بھارت مذاکرات سے کل بھوشن کی جان بچ سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جاری رہتے تو کل بھوشن کو سزا نہ ہوتی۔مانی شنکر کا مزید کہنا تھا کہ اگر بھارت کے پاس بھی کل بھوشن جیسا قیدی ہو تو پاکستان سے ڈیل ہو سکتی ہے جب کہ کل بھوشن کا کیس لڑنے کے لیے پاکستان میں عاصمہ جہانگیر یا اعتزاز احسن جیسے وکلا کی خدمات حاصل کی جائیں۔