گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلیے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی زیرصدارت اجلاس

121

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے عوام کو گرمی سے بچانے کے لیے اور ہیٹ اسٹروک کے متاثرہ لوگوں اور ان کے علاج کے متعلق ہونے والے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آج ایک اجلاس شہباز ہال حیدرآباد میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد انور علی شر کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد ٹو شکیل ابڑو، اسسٹنٹ کمشنرز، بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد، میونسپل کمیٹیز محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی، حیسکو، واسا اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد انور علی شر نے محکمہ صحت،پی پی ایچ آئی، اسپتالوں کی انتظامیہ اور اسسٹنٹ کمشنرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ عوام کو حالیہ شدید گرمی سے بچانے اور گرمی کی وجہ سے متاثرمریضوں کے علاج کے لیے قبل از وقت انتظامات مکمل کر لیں تاکہ امکانی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔اجلاس کو بتاتے ہوئے ڈی سی حیدرآباد نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد ،ایم ایس سول اسپتال حیدرآباد اور پی پی ایچ آئی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اداروں میں قائم ہیٹ اسٹروک سینٹرز پر ایمبولینسز اور ادویات کے وافر مقدار کی موجودگی کو یقینی بنائیں اور ان کی فہرست کو عوام کی سہولیات کے لیے پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا پر نشر کریں ۔اس کے علاوہ گرمی سے بچنے کے لیے عوم کی رہنمائی کے لیے احتیاتی تدابیر کے متعلق بینرز اور پمفلٹس اہم چوراہوں،گلیوں اور راستوں پر لگائے جائیں تاکہ عوام کو آگاہی حاصل ہو ۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ غیر سرکاری تنظیموں کی مدد سے چوراہوں،گلیوں اور راستوں پر پانی کی ٹھنڈی سبیلیں لگائی جائیں اور ارلی وارننگ سسٹم کو مؤثر بنانے کے ساتھ محکمہ موسمیات وڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے قریبی رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی الرٹ جاری ہونے کی صورت میں تمام مشینری متحرک ہو جائے ۔انہوں نے حیسکو کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گریز کریں اور واسا بلا تعطل پانی کی فر اہمی کو یقینی بنائے۔