محمود عباس کے خلاف غزہ میں وسیع پیمانے پر احتجاج

261

غزہ (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینی صدر محمود عباس کی انتقامی پالیسیوں سے نالا غزہ کے عوام نے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے شروع کیے ہیں۔ اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی اپیل پر فلسطینی اتھارٹی کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف غزہ کے تمام اہم مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ مظاہروں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ فلسطینی اتھارٹی اور صدر عباس کے خلاف شدید نعرے بازی کے ساتھ ساتھ صدر عباس کے پتلے بھی نذرآتش کیے گئے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صدر عباس کی طرف سے غزہ کے عوام کو بحرانوں میں غرق کرنے اور غزہ کے عوام کے بنیادی مطالبات کو قصدا نظرانداز کرنے کے خلاف عوامی سڑکوں پر نکل آئے۔ جمعہ کے روز نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد اور کل ہفتے کے روز بھی غزہ میں کئی مقامات پر جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہرین نے صدر عباس سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں بجلی کے بحران کو گھمبیر کرنے والوں کا محاسبہ کریں۔ غزہ کے عوام کو بلیک میل کرنے اور دھمکیوں کی سیاست ختم کرکے محصورین غزہ کی تمام بنیادی ضروریات پوری کی جائیں۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابقغزہ کی پٹی میں زیتون کالونی، سرایا چوک، مسجد صلاح الدین چوک، جبالیا اسٹیشن، منتطار ٹیلہ، نسافور چوک، تقویٰ چوک، عیون چوک، شمالی غزہ میں بیت لاہیا، نصیرات، مغازی، زوایدہ کالونی، دیر بلح اور کئی دوسرے مقامات پر فلسطینی شہریوں نے رام اللہ اتھارٹی کی انتقامی سیاست کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ بیت لاہیا میں مسجد سلیم ابو مسلم کے قریب ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حماس رہنما مشیر مصری نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی غزہ کے محاصرے کے اسرائیلی جرم میں شریک ہوچکی ہے۔ وسطی غزہ میں نکالی گئی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے صدر محمود عباس کی پالیسیوں کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے غزہ کی پٹی کے عوام کو درپیش تمام مشکلات بالخصوص بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔ رفح کے علاقے میں شہریوں نے جمعہ کی شام کو ایک احتجاجی جلوس نکالا جس میں شہریوں نے ہاتھوں میں مشعلیں لے کر احتجاج کیا۔ انہوں نے فلسطینی اتھارٹی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور محمود عباس کے پتلے جلائے۔ احتجاجی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے حماس رہنما نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی ایک سازش کے تحت غزہ کے گرد معاشی محاصرہ تنگ کررہی ہے۔۔ خان یونس میں نکالی گئی ریلی میں مظاہرین نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کو صہیونی دشمن کا ایجنٹ قرار دیا۔
غزہ/ احتجاج