کینیڈا کے ماہرین کا کہنا ہے کہ گھروں میں پالتو جانور رکھنا بچوں کی صحت مند نشونما کے لئے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
یونیورسٹی آف البرٹا میں بچوں کے امراض کے ماہرین نے تین سال کے دوران 746 نوزائیدہ بچوں، ان کے والدین اور گھر کے ماحول کا تفصیلی مطالعہ کیا جس میں خاص طور پر دو اقسام کے مفید جرثوموں کے علاوہ ان بچوں اور ان کے گھروں میں صحت کی عمومی کیفیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔مطالعے کے بعد ماہرین کو معلوم ہوا کہ جن گھروں میں پالتو جانور تھے وہاں مفید جرثوموں کی تعداد زیادہ تھی جبکہ اہل خانہ کے بیمار پڑنے کا تناسب بھی ایسے گھروں کے مقابلے میں بہت کم تھا جہاں کوئی پالتو جانور موجود نہیں تھا۔
صحت پر پالتو جانوروں کے مفید اثرات چھوٹی عمر کے بچوں پر سب سے نمایاں دیکھے گئے جو ایک طرف مختلف بیماریوں سے زیادہ محفوظ رہے جبکہ دوسری طرف ان کا موٹاپا بھی کنٹرول میں رہا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پالتو جانوروں کے ساتھ کھیلنے کودنے سے بھی بچوں کی صحت اس طرح بہتر رہتی ہے کہ وہ دن کا کچھ نہ کچھ حصہ بھاگ دوڑ اور جسمانی سرگرمی میں مصروف رہتے ہیں ۔