ترکی میں امریکی سینیٹر اور سی آئی اے کے سابق سربراہ جان برینن کیخلاف تفتیش

382

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی میں ریاستی دفتر استغاثہ نے امریکی سینیٹر چک شومر اور خفیہ ادارے سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر جان برینن سمیت 17 شخصیات کے خلاف فتح اللہ گولن کے ساتھ مبینہ رابطوں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ خبر رساں ایجنسی اے پی کی رپورٹس کے مطابق سرکاری خبر رساں ادارے اناطولیہ نے بتایا کہ ترک دفتر استغاثہ کی استنبول شاخ کے سربراہ نے امریکا میں مقیم جن 17 شخصیات کے خلاف باقاعدہ چھان بین شروع کر دی ہے، ان میں امریکی سینیٹ کے رکن چک شومر اور جان برینن کے علاوہ سابق امریکی اٹارنی پریت بھرارہ بھی شامل ہیں۔ چک شومر امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹ ارکان کے پارلیمانی گروپ کے سربراہ ہیں۔ اناطولیہ نے ہفتے کے روز بتایا کہ استنبول میں ریاستی دفتر استغاثہ کی طرف سے اس چھان بین کا آغاز ترک وکلا کے ایک گروپ کی طرف سے دائر کی گئی مجرمانہ نوعیت کی ایک شکایت کے بعد کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ دفتر استغاثہ کی طرف سے ان 17 شخصیات کے گولن تحریک کے ساتھ مبینہ رابطوں کی چھان بین کی جائے گی۔
ترکی ؍ تفتیش