اسلامی انقلاب کے بغیر ملک کے مسائل کا حل ممکن نہیں، سراج الحق

250

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہےکہ اسلامی انقلاب کے بغیر ملک کے مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔

منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہناتھا کہ عوام نےخوشحال پاکستان کی خاطر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا لیکن حکمرانوں نے عوام کو دھوکا دیا۔

سراج الحق کا کہناتھا کہ مارشل لاکےبعد نام نہادجمہوری نظام میں بھی چندخاندان نظرآتےہیں جب کہ جماعت اسلامی کسی ظالم وڈیرے یا نواب کے لیے نہیں بنی۔

سینیٹر سراج الحق کا کہناتھا کہ حکمرانوں نے عوام سے وعدے کیے لیکن ہمیشہ دھوکا دیا اور سیاسی جماعتوں نے سب سے زیادہ دھوکا کسان اور مزدور کو دیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب کے بغیر ملک کے مسائل کا حل ممکن نہیں،آج مظلوم و غریب عوام کو متحد کرنے کی ضرورت ہے ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ کسان اور مزدور کمزور ہوگا تو ملک ترقی نہیں کرسکے گا ۔