قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے کہاہے کہ کمزوردل والے مریضوں کو جان بچانے والی مہنگی ڈیوائسز مفت لگائی جائیں گی۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق قومی ادارہ برائے امراض قلب، حکومت سندھ اور کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے تعاون سے دل کے امراض میں مبتلا افراد کے لئے پہلے مفت موبائل چیسٹ پین یونٹ کاافتتاح صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندرو نے کیا ، یہ یونٹ کراچی کے علاقے گلشن چورنگی پر نصب کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے کہا کہ اس ڈیوائس کے نتیجے میں کمزوردل کے حامل افراد کی دل کی دھڑکنیں متوازن ہوجائیں گی اور ان کی زندگیوں کو بچانے میں معاون ثابت ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ مارکیٹ میں آئی سی ڈی نامی ڈیوائس کی قیمت 7 لاکھ روپے سے لیکر 17 لاکھ روپے ہے۔ ماضی میں ایسے مریضوں کو پیسوں کی کمی کی وجہ سے اس ڈیوائس اورعلاج کی پیشکش نہیں کی جاتی تھی تاہم اب ہر سال5 سو کمزوردل والے مریضوں کو یہ ڈیوائس مفت لگائی جائے گی۔ اس موقع پرصوبائی سیکریٹری صحت ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو، ہسپتال کی چیف آپریٹنگ آفیسر عذرا مقصود، این آئی سی وی ڈی ویلفیئر ٹرسٹ کے امین ہاشوانی، ڈاکٹر امجد گلزار ودیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔