جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے قیام کی جدو جہد میں مصروف

364

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک کو اس کے مقصد وجود سے ہم آہنگ کر نے اور ملک میں حقیقی معنوں میں اسلامی نظام کے قیام کی جدو جہد میں مصروف ہے ۔

جماعت اسلامی گلشن معمار زون کے تحت تین روزہ ’’معمار فیملی فیسٹیول ‘‘ کے آخری روز فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے  امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی ملک کی اقتصادی شہ رگ ہے ۔پورے ملک کی معیشت کا دارو مدار کراچی پر ہے ۔کراچی کی ترقی و خوشحالی پورے ملک کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے ۔ جماعت اسلامی کو جب بھی مو قع ملا ہم نے شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے مثالی خدمات انجام دیں ۔

انہوں نے کہا کہ عبد الستار افغانی مرحوم اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں شہر میں تعمیر و ترقی کے جو کام ہوئے وہ اس سے قبل اور بعد میں کبھی نہیں ہوئے ۔بدقسمتی سے اس شہر کے حقوق کے دعویداروں نے ہی شہر کو تباہ و برباد کیا اور آج صورتحال یہ ہے کہ شہریوں کا کوئی پر سان حال نہیں ۔پانی ،بجلی ،ٹرانسپورٹ کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں ۔نوجوانوں کے لیے روز گار نہیں ہے ۔شہر میں بڑ اٹیلنٹ اور پوٹینشل موجود ہے لیکن اس کا درست استعمال نہیں کیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمن  نے کہا کہ  30سالوں کی بند گلی کی سیاست نے شہر کو تبا ہ و برباد کیا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کو مسائل سے نجات دلاسکتی ہے ۔جماعت اسلامی کی بجلی کے مسائل کے حل اور کے الیکٹرک کی لوٹ مار ،اووربلنگ اور لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی تحریک جاری ہے ۔عوام کو جب تک ریلیف نہیں مل جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان ہمیشہ شہریوں کے ساتھ رہے ہیں اور آج بھی موجود ہیں ۔

حافظ نعیم الرحمن نے گلشن معمار میں فیملی کے لیے بڑے پیمانے پر 3روزہ تک جاری رہنے والے فیسٹیول اور ایک یادگار اور مثبت سر گرمی کر نے پر جماعت اسلامی گلشن معمار کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امید ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا ۔عظیم بلوچ نے کہا کہ گلشن معمار میں شاندار فیملی فیسٹیول کا انعقاد اور اس میں ہزاروں مردو وخواتین اور بچوں کی شر کت شہریوں کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ہے اور آج اس میں شریک ہر فرد کے چہرے پر خوشی اور مسرت نمایاں ہیں ۔جماعت اسلامی عوام کو دعوت دیتی ہے کہ ملک کو اسلامی اور خوشحال بنانے کے لیے ہماری کی جدو جہد میں شریک ہوں ۔جماعت اسلامی کا پیغام امن ،محبت اور اخوت کا پیغام ہے ۔لوگوں کو جوڑنے اور متحد کر نے کا پیغام ہے ۔جماعت اسلامی عوامی خدمت پر یقین رکھی ہے اور ہر طرح کے تعصبات اور اختلافات سے بالا تر ہو کر خلقِ خدا کی خدمت کے جذبے کے تحت کام کر تی ہے۔

کراچی فیسٹیول میں گلشن معمار کے ہزاروں مکینوں نے اپنی فیملی کے ہمراہ شر کت کی جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی ۔ فیسٹیول میں شریک مر دو خواتین نے بڑے پیمانے پر صحت مند اور مثبت سر گرمی کے انعقاد پر جماعت اسلامی کی کوششو ں کو سراہا اور فیسٹیول میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔

فیسٹیول میں خواتین ، بچوں اور نوجوانوں کی دلچسپی کے حوالے سے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے گئے تھے ۔ بڑی تعداد میں فوڈ کارنر ، کتابوں ، کپڑوں اور دیگر مصنوعات کے اسٹالز ، خواتین کے لیے بوتیک ، بچوں کے لیے وسیع پلے لینڈ جن میں الیکٹرانک جھولے ، موت کا کنوں اور دیگر چیزیں شامل تھیں۔

فیسٹیول کے تیسرے اور آخری دن نیلام گھر کا انعقاد بھی کیا گیا ۔حافظ نعیم الرحمن کی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس مو قع پر جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، ضلع وسطی کے سیکریٹری محمد یوسف ، گلشن معمار زون کے امیر رضوان شاہ اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔قبل ازیں فیسٹیول سے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر عظیم بلوچ نے بھی خطاب کیا ۔