الیکشن کمیشن : ضمنی انتخابات میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کا کامیاب تجربہ

140

اسلام آباد(آن لائن)الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے،حلقے کے 92پولنگ اسٹیشنوں نے انتخابی نتائج بروقت ریٹرننگ افسران اور الیکشن کمیشن کو ارسال کر دیے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان ہارون خان شنواری نے بتایا کہ پی ایس۔ 114 کراچی کے ضمنی انتخابات میں نیا اور جدید رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (RTS ) متعارف کرایا جو جدید موبائل ٹیکنالوجی سے متعلق ہے اور اس سے براہ راست تمام 92 پولنگ ا سٹیشنوں سے درست اور تیزی کے ساتھ آن لائن نتائج حاصل کیے، اس نئی ٹیکنالوجی نے الیکشن کمیشن کو اس قابل بنا دیا ہے کہ وہ باقاعدگی سے پریذائنڈ نگ افسران سے نتائج حاصل کر کے اس کو الیکشن کمیشن اسلام آباد کے ڈیٹا سینٹر میں منتقل کرئے،اس ٹیکنالوجی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا تھا اور الیکشن کمیشن کے آئی ٹی افسران نے تمام پریذائنڈنگ افسران کو موبائل ہارڈ ویئر،سافٹ وئیر،رابطے سگنل، کیمرے،محفوظ ٹرانسمیشن کے بارے میں ٹریننگ بھی دی گئی تھی،اس رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم پائلٹ ٹیسٹنگ کی رپورٹ چیف الیکشن کمشنر کو پیش کی جائے گی اور(آج ) منگل 11 جولائی 2017ء کو منصوبہ ساز کمیٹی میں بھی اس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ماہانہ منصوبہ ساز کمیٹی میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، چاروں صوبائی الیکشن کمشنر زاور الیکشن کمیشن کے سرکردہ افسران کو اس کی پائلٹ رپورٹ پیش کی جائے گی تاکہ 2018ء کے عام انتخابات کے حوالے سے اس کے مختلف تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے سکے ۔