اے آئی پی ایس ایشیا کی کانگریس پاکستان میں منعقد ہوگی

67

سلام آباد(جسارت نیوز)پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کی ایگزیکٹوکمیٹی نے اکتوبر میں ایشیائی اسپورٹس جرنلسٹس کی تنظیم اے آئی پی ایس ایشیا کی کانگریس پاکستان میں منعقد کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی۔ اجلاس میں پاکستان کے بہترین کھلاڑیوں کے لئے سالانہ ایوارڈز کی تقریب اور قومی فیڈریشن کی ویب سائیٹ بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا دوسرا اجلاس پی آئی ڈی کانفرنس روم اسلام آباد میں فیڈریشن کے صدر امجد عزیز ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔سینئرنائب صدر نصر اقبال، سیکرٹری جنرل زاہد فاروق ملک، ایسوسی ایٹ سیکرٹری اعجاز احمد خان، ٹریژرر شہزاد ملک سمیت ایگزیکٹو کمیٹی کے لاہور ، کراچی، پشاور اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے اراکین نے شرکت کی۔اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایشین اسپورٹس جرنلسٹس کی کانگریس 5 سے 8 اکتوبر تک پاکستان میں منعقد کی جائے گی۔ مقام کا تعین آئندہ 2 ہفتوں میں کیا جائے گا۔کانگریس میں ایشیا کے30 ممالک کے 60 مندوبین سمیت پاکستان بھر سے سو سے زیادہ ا سپورٹس جرنلسٹس شرکت کریں گے۔ اسپورٹس جرنلسٹس کی عالمی تنظیم اے آئی پی ایس کے صدر جیانی مرلو، اے آئی پی ایس امریکا، یورپ اور افریقاکے صدور کو بھی کانگریس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔کانگریس کا مقصد غیر ملکی مندوبین کو پاکستان میں امن و امان کی صورت حال سے آگاہ کرنا اور دنیا بھر میں پاکستان سے امن کا پیغام بھیجنا ہے تاکہ انہیں یہ باور کروایا جا سکے کہ پاکستان امن پسند اور کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے۔کانگریس کے انتظامات کے لئے اعلیٰ سطحی کمیٹی مقام کے تعین کے بعد بنائی جائے گی۔ اجلاس نے قومی فیڈریشن کی ویب سائیٹ بنانے کی منظوری بھی دی جسکا باضابطہ افتتاح یکم اگست کو اسلام آباد میں ہو گا۔ تمام صوبائی ایسوسی ایشنوں اور یونٹس کو ہدایت کی گئی اور وہ اپنے ممبران کا ڈیٹا 31 جولائی تک سوشل میڈیا کمیٹی کے چئیرمین عمران یوسفزئی کو فراہم کر دیں۔اجلاس نے 25 دسمبر کو سالانہ ایوارڈز تقریب منعقد کرنے کی منظوری بھی دی جو لاہور میں منعقد کی جائے گی ۔تقریب میں پاکستان کے بہترین 10 مردو خواتین کھلاڑیوں کو ایوارڈز سے نوازا جائے گا ان ایوارڈز کو پاکستان کے نامور اسپورٹس جرنلسٹس کے ناموں سے منسوب کیا جائے گا تاکہ انہیں خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔اس سلسلے میں سینئر اسپورٹس جرنلسٹس اور فیڈریشن کے نائب صدر سید علی ہاشمی کو کمیٹی کا سربراہ جبکہ اصغر علی مبارک کو کوآرڈی نیٹر نامزد کیا گیا ۔فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری سمیت تمام صوبائی ایسوسی ایشنوں اور یونٹس کے سیکرٹریز کمیٹی کے ممبرز ہوں گے۔اجلاس میں پاکستان بھر کے ممبر اسپورٹس جرنلسٹس کو اے آئی پی ایس کارڈز جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔اس موقع پر سندھ ا سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی سالانہ کارکردگی کو بہترین قرار دیتے ہوئے تمام عہدے داروں اور ممبران کو مبارکبادد ی گئی جبکہ سجاس کی نمائندگی سینئر نائب صدر پی ایس ڈبلیو ایف نصر اقبال اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر امتیا زنارنجا نے کی ۔اس موقع چاروںصسوبائی ایسوسی ایشنوں کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا تاہم سجاس کی کارکردگی مثالی قرار پائی۔ اجلاس نے گذشتہ اجلاس کی کارروائی کے علاوہ، صدر، سیکرٹری جنرل اور خزانچی کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹیں بھی متفقہ طور پر منظور کر لیں۔پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اگلا اجلاس اور سالانہ کانگرس 24 دسمبر کو لاہور میں جبکہ سال 2018 کی سالانہ کانگریس کراچی میں منعقد کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔