بارش سے نمٹنے کیلیے سندھ حکومت سنجیدہ اقدامات کرے‘معراج الہدیٰ

125

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت مون سون کی بارش کے ممکنہ دوسرے مرحلے کے پیش نظر رین ایمرجنسی سمیت بارش سے نمٹنے کے لیے عملی وسنجیدہ حفاظتی اقدامات کرے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور حالات سے باخبر رہنا حکومت کی اولین ذمے داری ہے، جون کے آخری ہفتے میں ہونے والی معمولی بارشوں نے حکومتی دعوؤں کی نفی کردی تھی۔ کراچی سمیت سندھ میں کئی شہر زیر آب آگئے تھے نکاسی آب کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔جس کے باعث شہروں میں کھڑا برساتی پانی تالاب کا منظر پیش کر رہا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ رین ایمرجنسی نافذ کرکے جلد ہنگامی اقدامات کرے، خاص طورپر ساحلی پٹی کے قریب رہائش پذیر افراد کو جلد کسی محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت فائونڈیشن کے ذمے داران ورضاکاروں کو بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ممکنہ بارشوں سے قبل ہائی الرٹ رہیں اورصورتحال سے نمٹنے کے لیے عوام کی ہرممکن مدد کریں۔ صوبائی امیر نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے ممکنہ صورت حال سے قبل آگاہ کردیا ہے تو سندھ حکومت سمیت بلدیاتی اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ بھی عوام کے جان ومال کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔ دوسری جانب ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے چمن بلوچستان میں لیویز ہیڈ کوارٹر کے قریب خودکش دھماکے میں ڈی پی او سمیت 4اہلکاروں کی ہلاکت کی سخت مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر دلی دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیویز ہیڈکوارٹر پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے، جس میں کرائے کے قاتل اور بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ صوبائی امیر نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی ،مرحومین کی مغفرت و بلند درجات کی دعا اور زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ جبکہ جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو ایڈوکیٹ اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے صوبائی رہنما علامہ ارشد زاہد کی وفات پر پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔