بھارتی فو ج کے ہاتھوں مزید 3کشمیری شہید‘ مظاہرین پر بدترین تشدد‘ 14خواتین بھی زخمی

204

سری نگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں گزشتہ روز ضلع کپواڑہ میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا‘ تینوں کو ضلع کپواڑہ میں نشانہ بنایاگیا، حکام نے تینوںکے مجاہد ہونے کادعویٰ کیا ہے۔سری نگر،کولگام ، شوپیان اور تریہگام میں ہڑتال اورمظاہرے کیے گئے‘فوج کے مظاہرین پر وحشیانہ تشدد سے14خواتین بھی زخمی ہوگئیں۔گھرگھر تلاشی کے دوران 6نوجوانوں کو گرفتار کرلیاگیا۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں گزشتہ روز ضلع کپواڑہ میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا‘ نوجوانوں کو بھارتی فوج کی 19انفنٹری ڈویژن نے ضلع کے علاقے نوگام میں ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوج کے ایک افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوان عسکریت پسند تھے اور ان کو ایک جھڑپ کے دوران شہید کیاگیا۔دریں اثنا بھارتی فورسز نے سری نگر کے علاقے پانتہ چوک میں احتجاجی مظاہرین پر آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے 2 خواتین سمیت متعدد افرادکو زخمی کردیا۔ کولگام ، شوپیاں اور تریہگام کے علاقوںمیں شہری آبادی پر بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے‘بڑی تعداد میں لوگوں نے پولیس کے چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف کولگام کے علاقے نائیک پورہ میں احتجاجی مظاہرے کیے ۔ بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف مسلسل دوسرے روز بھی شوپیاں میں ہڑتال کی گئی‘ فورسز نے خواتین پر پیلٹ گن سے فائرنگ کی جس سے 12 خواتین زخمی ہو گئیں جن میں سے 2کو سری نگرکے اسپتالوںمیںمنتقل کیاگیاہے۔ادھرتریہگام کے دیہات میر پورہ اور ٹنگ واری میں6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کی طرف سے گزشتہ روز شروع ہونے والے وزرائے خارجہ کونسل کے 44ویں اجلاس میں شرکت کی دعوت پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے سفری دستاویزات نہ ملنے اور ان کی نقل و حرکت پر عائد قدغن کی وجہ سے اجلاس میں شرکت سے قاصر ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سید علی گیلانی نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف ال عثیمین کے نام جاری ایک خط میں کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کی انتہا کر دی ہے اور پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کے بے جا استعمال اور پیلٹ گن کے استعمال سے سیکڑوں جوان، بچے اور بزرگ کی بینائی سے محروم ہوچکے ہیں اور اب کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کے لیے ان کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کیے جارہے ہیں۔حریت چیئرمین نے او آئی سی سے اپیل کی کہ وہ رواں اجلاس میں کشمیری عوام کے خلاف بھارت کے ظالمانہ رویہ کاسخت نوٹس لے گا۔