بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ خطے میں طاقت کے توازن کو بگاڑنے کی کوشش ہے

62

پشاور(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ خطے میں طاقت کے توازن کو بگاڑنے کی کوشش ہے۔ مودی اور نیتن یاہو مسلمانوں کے کھلے دشمن ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم مودی نے کشمیراور اسرائیل نے فلسطین میں ظلم کا بازار گرم رکھا ہے۔ حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دینے کی مذمت کرتے ہیں۔ صلاح الدین دہشت گرد نہیں فریڈم فائٹر ہے۔ سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دینا پاکستانی حکومت کی سفارتی ناکامی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ بھارت بزورطاقت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبانا چاہتا ہے جو کہ ناممکن ہے۔ کشمیری آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ، برہان وانی کی شہادت نے کشمیر کی تحریک آزادی کو نئی زندگی بخشی ہے۔وانی شہید کشمیری نوجوانوں کے لیے رول ماڈل اور آئیڈیل ہیں۔ انہوںنے کہا کہ امریکا ، بھارت اور اسرائیل عظیم دہشت گرد ہیں۔ مودی یاہو ملاقات سے خطے میں کسی بڑی تبدیلی کے آثار نظر آرہے ہیں۔