ترسیلات زر میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جائیں،شاہد رشید

130

اسلام آباد(کامرس نیوز)اسلام آباد چیمبر آف ا سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ تجارتی خسارہ ریکارڈ سطح پر پہنچ چکا ہے جس میں مزید اضافہ روکنے کے لیے غیر ضروری درآمدات پر اضافی محاصل عائد کیے گئے ہیں ۔حکومت کی کوششوں کے باوجودبرآمدات مسلسل گر رہی ہیں اس لیے حکومت لیبر بیرون ملک بھجوانے کو توجہ دے تاکہ ترسیلات زر میں اضافہ کیا جا سکے۔ ترسیلات زر ملک کی نصف درآمدات کی ادائیگی میں کام آتا ہے اور اگر اس شعبہ کو توجہ دی جائے تو اس میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے جس کے لیے ابتدائی قدم متعلقہ وزارت اور محکموں کو فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ دیار غیر میں مقیم پاکستانی سالانہ انیس ارب ڈالر وطن بھجواکر ملک و قوم کی بڑی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کی فلاح کے لیے اقدامات کیے جائیں جبکہ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے شعبہ کو توجہ دی جائے۔ افرادی قوت کو باہر بھجوانے والے پروموٹرز کو سازگا ر ماحول دیا جائے تو وہ ملکی معیشت کی کایا پلٹ سکتے ہیں جس کے لیے ایف آئی اے کو نکیل ڈالنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ خسارے ،بے روزگاری اور کرنسی کی بے قدری میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔حکومت کی توجہ برآمدی شعبہ کو مراعات دینے پر مبذول ہے مگر یہ اہم شعبہ مسلسل زوال پذیرہے۔ ان حالات میں زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھ کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے اور بے روزگاری میں کمی کے لیے جاب پروموٹرزافرادی قوت برآمد کر کے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔اوورسیز پاکستانیز کی وزارت اور امیگریشن بیورو کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ادارے افرادی قوت کی برآمد میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبہ کو سرکاری سرپرستی کی ضرورت ہے جبکہ مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروںکو انہیں ہراساں کرنے سے روکا جائے۔ ریگولیٹر کو اطلاع دیے بغیر چھاپے غیر قانونی اور بلا جواز ہیں جس سے خوف پھیلتا ہے۔