تھر پارکر میں سو بستروں پر مشتمل اسپتال تعمیر کیا جائے گا

151

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ضلع تھرپارکر کی برادریوں کو صحت عامہ کی جدید اور مفت سہولیات فراہم کرنے کے ضمن میں تین تنظیموں نے تھر پارکر میں سو بستروں پر مشتمل اسپتال تعمیر کرنے کے لیے ہاتھ ملا لیے ہیں۔منگل کو منعقد ہونے والی ایک تقریب کے موقع پر تھر فاؤنڈیشن، انڈس اسپتال اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن نے ایک سہ فریقی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ان تینوں فریقوں نے تھر پارکر کے علاقے اسلام کوٹ میں تھر فاؤنڈیشن کے سو بستروں پر مشتمل بہترین سہولیات سے لیس اسپتال کے خواب کی تکمیل میں اشتراک کے لیے حامی بھری ہے جس کا مقصد یہاں کے عوام کو صحت عامہ کی مفت خدمات فراہم کرنا ہے۔مفاہمت کی یادداشت پر سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی (سیمکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شمس الدین شیخ، انڈس اسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن (SAF)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے مشیر ذیشان افضل نے دستخط کیے۔معاہدے کے مطابق منصوبے کی مینجمنٹ اور اس پر عملدر آمد کی مجموعی ذمے داری تھر فاؤنڈیشن کی ہوگی، انڈس اسپتال روزانہ کے آپریشنل امور کا ذمہ دار ہوگا اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن ایک بلاک کی تعمیر کی مالی معاونت اور تھر فاؤنڈیشن کی جانب سے آپریشنل اخراجات کے ساتھ ساتھ دوسرے بلاکس کی تعمیر کی ذمے دار ہوگی۔معاہدے کے مطابق پہلے بلاک ( SAF بلاک) کی تعمیر کی متوقع تکمیل 2018ء کے اختتام تک جبکہ دوسرے بلاک (تھر فاؤنڈیشن بلاک) کی تعمیر 2019ء کے وسط میں متوقع ہے۔ تھر فاؤنڈیشن کی فنڈنگ SECMC اور اینگرو پاورجن تھر لمیٹڈ (EPTL) کی جانب سے کی جائے گی۔