حکومت صنعتی سیکٹر کو سہولیات فراہم کرے،ایس ایم منیر

135

کراچی (اسٹاف رپورٹر )یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرنے کہا ہے کہ ان کا گروپ بزنس کمیونٹی کو متحد رکھ کر معاشی مضبوطی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا، ہم ایف پی سی سی آئی کو مضبوط کرنے کے لیے آئے ہیں اور ہمیںمتحد رہ کر ہی ملکی ترقی وخوشحالی اور کاروباری برادری کے مفاد میں کام کرنا ہوگا۔انہوں نے یہ بات یو بی جی سندھ کے چیئرمین خالدتواب کی رہائشگاہ پر گروپ کی کورکمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔اجلاس میں خصوصی طور پر پنجاب سے یو بی جی کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک، فیڈریشن کے سینئرنائب صدر عامرعطاباجوہ، حمیداختر چڈھا،ملک سہیل حسین،کے پی کے سے نسیم الرحمن سمیت ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیرطفیل،یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز،،مرزا اختیار بیگ، ممتاز شیخ،سینیٹر عبدالحسیب خان،نقی باڑی،طارق حلیم،ذوالفقار شیخ، عرفان سروانہ،اشتیاق بیگ،وسیم وہرہ،نوراحمدخان،شیخ شکیل احمدڈھینگڑا،زاہد سعید،اکرام راجپوت،حنیف گوہر،ناصر الدین شیخ،ملک خدابخش،گوہراللہ،آتم پرکاش،منیرسلطان،سلمان، شاہین الیاس سروانہ،میاں ارشد فاروق اور سلیم میمن بکیابھی شریک تھے۔اجلاس میں کورکمیٹی نے تمام یو بی جی لیڈران پر اعتماد کرتے ہوئے یقین کا اظہار کیاکہ یو بی جی کی ملک گیر بڑھتی ہوئے مقبولیت کے باعث آئندہ فیڈریشن الیکشن میں اپوزیشن راہ فرار اختیار کرلے گی۔ایس ایم منیر نے کہا کہ حکومت صنعتی سیکٹر کو سہولیات فراہم کرے تاکہ وہ صنعتی شعبے میں نئی سرمایہ کاری کریں تاکہ وہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں۔یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ اتحاد اورڈسپلن کی علامت ہے،یو بی جی سے منتخب فیڈریشن کے عہدیداران نے تین سال بے مثال کامیابی حاصل کرکے بزنس کمیونٹی کی بھرپور خدمت کی ہے اور اپنے فرائض دیانتداری سے انجام دیے ہیں،موجودہ صدر فیڈریشن زبیرطفیل نے بھی بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے کے لیے دن ورات ایک کررکھے ہیں اور ہم ان کی پوری ٹیم کو بھی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیرطفیل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آنکھیں بند کرنے کے سبب تاجربرادری کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں ،ایکسپورٹرز اپنے سیلز ٹیکس ریفنڈز کے انتظار میں بیٹھے ہیں اور کئی ایکسپورٹرز اسی انتظار میں دیوالیہ ہوچکے ہیں کیونکہ ان کا سرمایہ منجمد ہوچکا ہے،تاجربرادری نے3400ارب روپے کا حکومت کو ٹیکس ادا کیا پھر بھی انہیں چور کہا جارہا ہے جو باعث شرمناک بات ہے۔اجلاس میں تمام کورکمیٹی کے اراکین نے لیڈران پر واضح کیا کہ اگر اپوزیشن الیکشن میں آنے کا شوق پورا کرنا چاہے تو یو بی جی کا ہرممبر مکمل طور سے تیار ہے۔ یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے تمام لیڈران پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کو متحد رکھ کر تجارت وصنعت کی ترقی اور معاشی مضبوطی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔