شازیہ مری یوسی سمارو شاخ کے عوام کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنارہی ہیں

118

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)پیپلز پارٹی کی ایم این اے شازیہ مری ہمارے تعلقہ سندھڑی کی یوسی سمارو شاخ کے عوام کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہیں اورعلاقے کو ترقیاتی کاموں میں مکمل طور پر نظر انداز کیا جارہا ہے ،ہمارے علاقے میں صحت اور تعلیم کی کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔ یہ بات کامریڈ حسین بخش اور محمد بخش مری و دیگر نے میرپورخاص پر یس کلب میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوسی سمارو شاخ کے گوٹھوں میں کسی بھی قسم کے ترقیاتی کام نہیں ہور ہے نہ ہی یہاں پر کوئی سڑک ہے نہ بجلی ہے نہ سرکاری ڈسپنسری ،نہ کمیٹی ہال اورنہ ہی صاف پینے کے پانی کی کوئی سہولت ہے ،ہمارے علاقے میں گیارہ پرائمری اسکول ہیں مگر کسی بھی اسکول کی کوئی اپنی بلڈنگ نہیں ہے، ہم نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کاساتھ دیاہے ۔ آمریت کے مشکل ترین دور میں پارٹی کا ساتھ دیا مگرایم این اے شازیہ مری ہمیں نظراندازکر کے مخالف پارٹی کے لوگوں کو نواز رہی ہیں اوران کے کام کررہی ہیں جس کے ثبوت ہمارے پاس موجودہیں۔ انہوں نے کہا کہ شازیہ مری نے ہمیں دربدر کرنے کی کئی بارناکام کوشش کی ہے ،پہلی مرتبہ مارچ2017ء میں تعلقہ سندھڑی کو توڑنے کی کوشش کی تھی جس میں وہ ناکام ہوچکی ہیں ۔ اگرانہوں نے دوبارہ کوشش کی توہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اوران کی بھرپورمخالفت کریں گے۔انہوں نے پی پی پی کے چیئرمین بلاول زرداری ، فریال تالپوراور وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ ہمارے خلاف کی جانے والی سازشوں کا فوری نوٹس لیں اورہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔