مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج اور یہودی آبادکاروں نے پیر کی صبح مسجد اقصی کے کمپاونڈ میں دھاوا بول دیا۔ حملہ آور جتھوں نے یہ کارروائی سخت ترین اسرائیلی سیکورٹی میں سرانجام دی۔ خبر رساں ایجنسی ’قدس پریس‘ کے مطابق اسرائیلی داخلی سیکورٹی کے خفیہ یونٹ سے تعلق رکھنے والے وردی میں ملبوس 18 اہل کارووں نے مسجد اقصی پر ہلہ بولا۔ نام نہاد جائزہ دورے کی آڑ میں شاباک کے اہل کار مسجد کے صحن میں پھرتے رہے۔ نیوز ایجنسی نے مزید بتایا کہ یہودی آبادکاروں نے مراکشی دروازے کی سمت سے مسجد اقصی پر دھاوا بولا۔ یہ علاقہ 1967ء سے اسرائیلی انتظام وانصرام میں ہے۔حملہ آوروں میں 37 یہودی ٹورسٹ گائیڈ تھے۔ اسرائیلی پولیس نے پیر کے روز صبح سے ہی مراکشی دروازہ بند کر رکھا تھا۔