کے الیکٹرک کا ایک ارب ڈالر کے900میگاواٹ پاور پراجیکٹ منصوبے کا اعلان

114

کراچی( اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک نے 900میگاواٹ پاور پروجیکٹ کے منصوبے کا اعلان کردیا ہے جو کہ بجلی کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے کراچی کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔کے الیکٹرک کی بن قاسم سائٹ پر ایک ارب ڈالرکی سرمایہ کاری سے 900میگا واٹ کے بن قاسم پاور اسٹیشن III کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اس سے منسلک ٹرانسمیشن انفرااسٹرکچر کواپ گریڈ کرنے کا کام بھی سرانجام دیا جائے گا۔اس پلانٹ میں دو قسم کے ایندھن استعمال کیے جائیں گے جس میں بنیادی طور پر Re-gasified Liquid Natural Gas (RLNG) کا استعمال ہوگا۔تکمیل کے بعد اس پراجیکٹ کا شمار ملکی پاور سیکٹر میں نجی شعبے کی جانب سے کی جانے والی چند بڑی سرمایہ کاری میں ہوگا۔کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، طیب ترین کے مطابق، 900میگا واٹ کی پیداواری استعداد سے آراستہ BQPS III کراچی کی توانائی کی فوری طلب کوپورا کرنے میں اہم کردا ر ادا کرے گا۔ اس پروجیکٹ کی کم سے کم وقت میں تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے اور ہمیں یقین ہے کہ تمام حلقوں کی جانب سے موزوں سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ 2018ء کے موسم گرما تک اس پلانٹ سے بجلی کی فراہمی ہماری سپلائی میں شامل ہو جائے۔