ہمارے خلاف امریکا کے منصوبیخود اسی کو لے ڈوبیں گے‘شمالی کوریا

182

پیانگ یانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کے 2 بمبار طیاروں کی شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل اور جوہری پروگرام کے خلاف منعقدہ تربیتی مشن میں شرکت پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پیانگ یانگ انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ ایسی لا پروا حرکت ہے کہ جو پورے کوریا جزیرہ نما میں جنگ شروع کروا سکتی ہے۔ خبر رساں ایجنسی یون ہاپ کے مطابق شمالی کوریا کی لیبر پارٹی کے نشریاتی ادارے روڈونگ سِنمن کی طرف سے نشر کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی کوریا اور امریکا کے درمیان مشترکہ فوجی مشقیں آگ پر پیٹرول چھڑکنے کے مترادف ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک معمولی سا غلط فیصلہ یا غلطی ایک جوہری جنگ کے آغاز کا سبب بن سکتی ہے اور اس جنگ کے تیسری عالمی جنگ میں تبدیل ہو نے میں بھی کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے امریکا کا یہ بیان کہ وہ ایک تواتر سے اسٹریٹجک بمبار جنگی طیاروں کو کوریا جزیرہ نما میں بھیجے گا، ایسا ہی ہے کہ جیسے کوئی بارود سے بھرے بکس کے اوپر آگ سے کھیل رہا ہو۔لیکن امریکا،شمالی کوریا کے خلاف جوہری جنگ کے خطرے کو بڑھانے کے منصوبوں کے ساتھ اصل میں خود کو تباہی سے نہیں بچا سکے گا۔