اسرائیلی لابی ناکام‘ لندن میں فلسطینی نمایش کامیابی سے ہمکنار

183

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے برطانیہ میں منعقد کی گئی یورپ کی سب سے بڑی فلسطینی نمایش اسرائیلی لابیوں کی بھرپور معاندانہ کوششوں کے باوجود کامیابی سے ختم ہوگئی ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہفتے کے روز لندن کے ملکہ الزبتھ دوم کانفرنس ہال میں شروع ہونے والی فلسطین ایکسپو میں فلسطینی ثقافت، تاریخ اور پکوان دنیا کے سامنے پیش کیے گئے۔ اتوار کے روز نمائش کے اختتام تک اس میں 10 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ نمایش کے لیے ملکہ الزبتھ دوم کانفرنس ہال کی پانچوں منزلیں بْک کی گئی تھیں۔ اس نمائش میں آرٹ گیلریز اور فلسطینی اہم مقامات کے ڈیجیٹل ٹور کا اہتمام کیا گیا تھا۔ فلسطین کے روایتی پکوانوں کے اسٹال لگائے گئے تھے اور ثقافتی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اسی طرح مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سیمینار بھی منعقد کیے گئے۔اس نمایش کو رکوانے کے لیے اسرائیل نواز گروپوں نے برطانوی حکومت پر شدید دباؤ ڈالا تھا، جس کے باعث اس نمایش کے انعقاد کی اجازت نہ ملنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔تاہم نمائش کی منتظم ’دوستانِ اقصیٰ‘ نامی تنظیم کی جانب سے قانونی کارروائی کی دھمکی کے بعد حکومت نے تقریب کو منعقد کرنے کی اجازت دے دی تھی۔