ایون لوئیس ٹونٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں2 سنچریاں بنانے والے تیسرے بلے باز

65

سید پرویز قیصر
بھارت کے خلاف کنگسٹن میں کھیلے گئے واحد ٹونٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں ویسٹ انڈیز کے افتتاحی بلے باز ایون لوئیس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے62 گیندوں پر6 چوکوں اور12 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر125 رنز بنائے جو 13 ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی 13 ویں اننگ میں دوسری سنچری تھی۔ اس سے قبل انہوں نے بھارت ہی کے خلاف لوڈرہل میں27 اگست2016کو49 گیندوں پر5 چوکوں اور9 چھکوں کی مدد سے 100 رنزبنائے تھے۔
بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے ایون لوئیس ٹونٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں2 سنچریاں بنانے والے ویسٹ انڈیز کے دوسرے اور مجوعی طور پرتیسرے بلے باز ہیں۔ ان سے پہلے ایسا ویسٹ انڈیز کے کریس گیل اور نیوزی لینڈ کے برینڈن میکولم نے کیا تھا۔ کریس گیل نے جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ میں11 ستمبر2007 کو117 رنزبنانے کے بعدممبئی میں16 مارچ2016 ء کو انگلینڈ کے خلاف آئوٹ ہوئے بغیر100 رنزبنائے تھے۔
برینڈن میکولم نے کرائسٹ چرچ میں28 فروری 2010کو آسٹریلیا کے خلاف آئوٹ ہوئے بغیر116 رنز بنانے کے بعد بنگلا دیش کے خلاف پالے کیلے میں21 ستمبر2012کو123 رنز کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔
ایون لوئیس کے آئوٹ ہوئے بغیر125 رنز ٹونٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کیلئے سب سے بڑا اور مجوعی طور پر تیسرا سب سے بڑا انفرادی اسکور تھا۔ آسڑیلیا کے ارون فنچ کوٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میںسب سے بڑا انفرادی اسکور کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ساوتھمپٹن میں29 ا گست 2013 کو156 رنز کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔آسڑیلیا کے ہی گلین میکسویل نے سری لنکا کے خلاف پالے کیلے میں6 ستمبر2016 کو آئوٹ ہوئے بغیر145 رنز بنائے تھے جو ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میںدوسرا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔
ویسٹ انڈیز کیلئے اس سے قبل ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میںسب سے بڑا انفرادی اسکور کرنے کا ریکارڈ کریس گیل کے پاس تھا جنہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ میں11 ستمبر2007 کو117 رنز بنائے تھے۔
اپنی اس اننگ کے دوران ایون لوئیس نے 12 چھکے لگائے جوٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اننگ میں تیسرے سب سے زیادہ چھکے تھے۔ ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ آسڑیلیا کے ارون فنچ کے پاس ہے جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف ساوتھمپٹن میں29 ا گست 2013 کو156 رنز کی اننگ کے دوران14چھکے لگائے تھے۔ جنوبی افریقا کے رچرڈ لیوی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہملٹن میں19 فروری 2012 کو اپنی آئوٹ ہوئے بغیر117 رنز کی اننگ کے دوران 13 مرتبہ گیند کو باونڈری لائین کے باہر کی سیر کرائی تھی۔