ایک ایل این جی ٹرمینل ملکی ضروریات کے لیے ناکافی ہے، عاطف اکرام شیخ

138

اسلام آباد(کامرس نیوز)ایف پی سی سی آئی کی ریجنل کمیٹی برائے صنعت کے چیئر مین عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ حکومت کی ایل این جی پالیسی لاجواب ہے جس سے ملک میں توانائی کے بحران میں کمی آئی ہے۔ اس سے ٹیکسٹال سمیت مختلف صنعتی شعبوں کو فائدہ پہنچا، پیداوار میں اضافہ ہوا، صنعتی بحالی سے لاکھوں افراد کو روزگار بھی ملا اور کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ بزنس کمیونٹی حکومت کی ایل این جی پالیسی کی مکمل اور غیر مشروط حمایت کرتی ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ایک ایل این جی ٹرمینل ملکی ضروریات کے لیے انتہائی ناکافی ہے اس لیے حکومت نہ صرف جلد از جلد نئے ٹرمینل بنائے بلکہ نجی شعبہ میں دلچسپی رکھنے والی ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کوبھی ہر ممکن سہولت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ٹیکسٹائل، صنعتی شعبہ، فرٹیلائیزر، بجلی گھر اور سی این جی ا سٹیشن ایل این جی پر چل رہے ہیں مگر ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید ٹرمینلز کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی تا لاہور ایل این جی پائپ لائن کو فوری مکمل کیا جائے جبکہ خلیج کے بحران کی وجہ سے سستی ایل این کے حصول کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔ حال ہی میں ملک کے واحد ایل این جی ٹرمینل میں خرابی پیدا ہو گئی تھی جس کی وجہ سے چند روز تک اس کی استعداد نصف ہو گئی تھی جس وجہ سے درآمد شدہ ایندھن پر انحصار کرنے والے کئی اہم شعبوں کو بند کرنا پڑا جس سے کاروباری برادری کو کروڑوں کا نقصان ہوا جبکہ ایل این جی پر چلنے والے پنجاب کے چار بجلی گھروں کو بھی بند کرنا پڑا جس سے اس موسم میں شہری اور دیہی عوام کو اضافی لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھگتنا پڑا۔ اس وقت ملک میں چھ سو ملین مکعب فٹ کی استعداد کا صرف ایک ایل این جی ٹرمینل کام کر رہا ہے جس میں حالیہ خرابی سے بجلی کے شارٹ فال میں آٹھ سو میگاواٹ کا اضافہ ہوا جس سے لاہور اور دیہی علاقوں کے عوام کی مشکلات بڑھیں۔