بھارت کشمیری عوام پر کیمیائی ہتھیار استعمال کررہا ہے، مذہبی جماعتیں

87

لاہور (نمائندہ جسارت) ملک کی بڑی دینی جماعتوں کے رہنمائوں ورلڈ پاسبان ختم نبوتؐ کے سربراہ علامہ محمد ممتاز اعوان، سرپرست مولانا محمد الیاس چنیوٹی، رکن صوبائی اسمبلی ن لیگ علما ومشائخ ونگ کے چیئرمین پیر سید ولی اﷲ شاہ جماعت اسلامی کے نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، جماعت الدعوۃ کے رہنما مولانا امیر حمزہ، تحریک ملت جعفریہ کے علامہ ساجد نقوی، جے یو آئی کے رہنما حافظ حسین احمد، جے یو پی کے پیر جمشید احمد نورانی، عالمی تحریک تحفظ ختم نبوتؐ کے پیر سلمان منیر، جمعیت اہلحدیث کے شیخ محمد نعیم بادشاہ، جمعیت اہلسنت کے مولانا محمد اسلم ندیم، ملی یکجہتی کونسل کے حافظ شعیب الرحمن، مجلس علما شیعہ کے علامہ منور عباس علوی، سنی علما فورم کے علامہ اصغر عارف چشتی، مجلس احرار اسلام کے مولانا محمد یوسف احرار، اتحاد علما کونسل کے مفتی عاشق حسین، دفاع پاکستان کونسل کے مولانا عبدالرئوف فاروقی، تحریک حرمت رسولؐ کے علی عمران شاہین، جمعیت مشائخ کے پیر سید منور حسین جماعتی، تحریک ناموس رسالت کے مولانا عمر حیات اور کل مسالک علما تحفظ ختم نبوتؐ فورم کے علامہ عبدالنعیم نعمانی نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے ومظلوم کشمیری عوام پر کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم اور بھارتی فورسز کے ہاتھوں مظلوم کشمیریوں کا قتل عام نظر کیوں نہیں آتا۔ دینی رہنمائوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کشمیری نوجوانوں کو شہید، املاک تباہ کرنے کے لیے کیمیائی مواد وگولہ بارود استعمال کررہی ہیں، یہ سراسر عالمی قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔ مسلم امہ اور مہذب دنیا اس کا سخت نوٹس لے، نیز کشمیری حریت پسند رہنمائوں کی گرفتاریوں اور نظر بندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت کی بوکھلاہٹ کھلا ثبوت قرار دیا ہے ۔