بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 19.3ارب ڈالر پاکستان بھیج دیے

103

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں نے مالی سال2017ء کے دوران (جولائی تا جون) میں 19303.58 ملین امریکی ڈالر وطن بھجوائے جبکہ گذشتہ برس کی اسی مدت میں 19916.76 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔جون 2017ء کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر کی مالیت 1839.96 ملین ڈالر تھی جو کہ مئی 2017ء کے مقابلے میں 1.46 فیصد کم، اور جون 2016ء کے مقابلے میں 11.24 فیصد کم ہے۔ بلحاظ ملک جون2017ء کی تفصیلات سے پتا چلتا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکا، برطانیہ، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں(بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) اور یورپی یونین کے ملکوں سے بالترتیب438.07 ملین ڈالر، 414.22 ملین ڈالر، 265.37 ملین ڈالر، 252.46 ملین ڈالر، 232.89 ملین ڈالر، اور 56.97 ملین ڈالر پاکستان بھجوائے گئے،جبکہ جون 2016ء میں ان ملکوں سے آنے والی رقوم بالترتیب582.84 ملین ڈالر، 434.90ملین ڈالر، 274.10 ملین ڈالر، 309.27 ملین ڈالر، 232.27 ملین ڈالر اور 50.33 ملین ڈالر تھیں۔ جون 2017ء کے دوران ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنے والی ترسیلات زر مجموعی طور پر179.98 ملین ڈالر رہیں جبکہ جون 2016ء میں ان ملکوں سے189.37 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔