تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں

139

کوٹری (نمائندہ جسارت)پیپلزپارٹی کے ایم این اے ملک اسد سکندر نے کہا ہے کہ جامشورو کی غیرآباد زمین اگر کسی مصرف میں درکار ہے تو اس کا متبادل دیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ چیئرمین آفس جامشورو ایٹ کوٹری میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور عوام سے ملاقات کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے جامشورو کی زمین کسی کے حوالے کیے جانے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جامشورو میں کوئی بھی غلط کام ہوگا تو ہم اس کے خلاف آواز اٹھائیں گے تاہم پارٹی میں چھوٹے بڑے اختلافات تو ہوتے رہتے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر میرے اور پارٹی میں اختلافات سے متعلق پروپیگنڈا کیا جارہا ہے ،چونکہ میں فیس بک استعمال ہی نہیں کرتالہٰذا فیس بک پر ہونے والی باتیں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں ۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق خبروں کی بھی تردید کی اور کہا کہ ان کا پیپلزپارٹی چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ،میں پیپلزپارٹی کا ہوں اور اسی میں رہوں گا ۔ انہوں نے ضلع جامشورو میں مجوزہ سرکاری افسران کے جابجا تبادلوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سرکاری افسران کے تبادلے ہوتے رہتے ہیں کبھی ہمارے تو کبھی غیر جانبدارانہ افسران کا آنا جانا لگا رہتاہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع جامشورو میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں اور جلد ہی اوور ہیڈ برج کا کام مکمل کرلیا جائے گا ۔میونسپل کمیٹی بھولاری ٹائون کمیٹی جامشورو سمیت کوٹری سٹی میں رواں سال کے دوران کئی اسکیمیں روبہ عمل ہیں جس میں روڈ ،ڈرینج ،سی سی بلاک سمیت پینے کے صاف پانی کی اسکیمیں شامل ہیں ۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی فقیر داد کھوسواورجہانگیر سہڑو سمیت دیگر بھی موجودتھے۔