تلہار ،پولیس کی ملزمان کی گرفتاری کیلیے واسو دل اور لانودل گائوں میں کارروائی

169

تلہار (نمائندہ جسارت) چند روز قبل تلہار میں دن دہاڑے نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے تاجر عمران عرف پپی خواجہ کی دکان سے 7 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے بعد تلہار پولیس نے تلہار تعلقہ سمیت مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر پکڑ دھکڑ شروع کر دی ہے اور درجنوں مشتبہ افراد کو مختلف مقامات سے گرفتار کرکے حراست میں لے لیا ہے۔گزشتہ روز 7 پولیس موبائلوں میں سوار پولیس اہلکاروں نے تلہار کے نواحی علاقہ دندو شہر کے قریب گائوں واسو دل اور گائوں لانو دل میں مختلف گھروں پر چھاپے مارکر غلام رسول دل ،غلام مصطفی دل ،بچایودل، اللہ ڈنو دل، لقمان دل ،جان محمد دل اور مرید بروہی سمیت سات افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔واقعہ کے بعد دل برادری کے درجنوں افراد نے دندو شہر میں تلہار پولیس کے خلاف حافظ دل احمد، دل عرس ،دل و دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سخت نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس نے چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں میں گھس کر مرد و خواتین پر تشدد کیا اور بدسلوکی کرتے ہوئے ہماری برادری کے سات افراد کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ برادری کے گرفتار کیے گئے افراد بے گناہ ہیں ،ماضی میں بھی ان پر کوئی مقدمہ درج نہیں۔ انہوں نے ڈی آئی جی حیدرآباد آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ ہمیں فوری طور پر انصاف فراہم کرتے ہوئے بلاجواز گرفتار کیے گئے افرادکو رہا کیا جائے اور تلہار پولیس کی زیادتی کا نوٹس لیا جائے۔