جاوید کیانی‘ سعید احمد کے نام ای سی ایل میں شامل‘ظفر حجازی کیخلاف مقدمہ درج

123

اسلام آباد (آئی این پی+آن لائن) جے آئی ٹی کی جانب سے وزارت داخلہ کو کی گئی سفارش پر عمل کرتے ہوئے جاوید کیانی اور صدر نیشنل بینک سعید احمد کا نام ای سی ایل میں شامل کر دیا گیاہے جبکہ ایف آئی اے نے چودھری شوگر ملز کے ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں سیکورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) کے چیئرمین ظفر حجازی کے خلاف 3مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔پیر کو نجی ٹی وی کے مطابق معروف کاروباری شخصیت جاوید کیانی اورصدر نیشنل بینک سعید احمد کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے، جے آئی ٹی کی جانب سے وزارت داخلہ کو سفارش کی گئی۔ واضح رہے کہ صدر نیشنل بینک سعید احمد کو جے آئی ٹی میں بلا کر ان سے 13 گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔دریں اثنا ایف آئی اے نے چودھری شوگرملزکے ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں سیکورٹیزایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی) کے چیئرمین ظفرحجازی کے خلاف 3 مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے۔ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔معلوم ہواہے کہ ایف آئی اے نے گزشتہ روز ظفرحجازی کے خلاف فوجداری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کادائرہ کاروسیع کردیاہے جبکہ اس سلسلے میں ایس ای سی پی کے کئی مزیداہلکاروں کو بھی شامل تفتیش کرلیاگیاہے۔ایف آئی اے نے ظفرحجازی کے خلاف اختیارات کاناجائزاستعمال کرنے اوراپنے ماتحتوں پردبائوڈالنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیاہے۔جس میں ان کو7 سال قیدبھی ہوسکتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے نے اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے لیے وزارت داخلہ کو بھی ایک مراسلہ جاری کیاتھااوروزارت داخلہ سے یہ استدعاکی گئی تھی کہ چیئرمین ایس ای سی پی ظفرحجازی کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں شامل کیاجائے۔اپنے مراسلے میں ایف آئی اے نے 3 اہم پوائنٹس کا ذکرکیاتھاجس پر ابھی تفتیش ہوناباقی ہے۔ان پوائنٹس میں چودھری شوگرملزم کیس پرانی تاریخ سے بندکرنے کا حکم کیوں دیاگیا؟ایس ای سی پی کے ذمے داران ماہین فاطمہ اورعلی عظیم اکرام پر دبائوکیوں ڈالاگیا؟ اورتحقیقات کس کے کہنے پر بندکرائی گئی تھی؟تاہم گزشتہ روز باضابطہ طورپر مقدمہ درج کرکے معاملے کی چھان بین شروع کردی گئی ہے۔