حکومت کی گڈ گورننس کا نعرہ جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوا،مشتاق احمد خان

78

پشاور (وقائع نگارخصوصی) ملی یکجہتی کونسل خیبر پختونخوا کے صدر مشتاق احمد خان نے صوبائی کابینہ کا اجلاس پارا چنار میں طلب کرلیا۔ اجلاس آج11جولائی بروز منگل پارا چنار میں منعقد ہوگا ۔ اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل میں شامل تمام مذہبی جماعتوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اجلاس کے بعد کونسل کے ارکان متاثرہ خاندانوں سے ملاقات اور بعد ازاں میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔ المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں ملی یکجہتی کونسل خیبر پختونخوا کے صدر مشتاق احمد خان نے کہا کہ سانحہ پارا چنار ملک دشمن اور عوام دشمن عناصر کی کارستانی ہے جس کا مقصد شیعہ سنی فرقہ وارانہ اختلافات کو ہوا دینا ، ملک میں انارکی پھیلانا ، عالم اسلام کے اتحاد کو پارہ پارہ کرکے عالمی وسائل پر قبضہ کرنا موت کے سوداگروں کا منصوبہ ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ اس شاطرانہ منصوبے کو بے نقاب کیا جائے۔ اتحاد و اتفاق ہی دشمن کی سازشوں کوناکام کرنے کا واحد ہتھیار ہے۔ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے امت مسلمہ آگ اور خون کے دور سے گزر رہی ہے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نوجوانوں کو آگ و خون کا ایندھن بنانا چاہتے ہیں، اپنے اسلحے کو عالمی منڈیوں میں بیچ کر اپنی گرتی ہوئی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ اتحاد و اتفاق سے لیس ہوکر دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ببانگ دہل کہا کہ پارا چنار سانحہ حکومت کی واضح ناکامی ہے۔ یہ ایک ایسا بدترین قسم کا قتل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل تمام مسالک کے اندر ہم آہنگی بیدار کرنے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی گڈ گورننس کا نعرہ جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوچکا ہے۔ اگر اس جیسے سانحات کی روک تھام نہ کی گئی تو اس سلسلے میں جماعت اسلامی ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے قوم کو واضح لائحہ عمل دے گی۔