سکھر ‘ موٹروے پولیس کی خستہ حال آئل ٹینکرز کے ڈرائیورز کیخلاف کارروائی

61

سکھر( نمائندہ جسارت) موٹر وے پولیس کے ایس ایس پی سیکٹر ون سکھر غلام سرور بھیو کی زیر نگرانی خستہ حال ٹائرز اور خستہ حال فٹنس رکھنے والے آئل ٹینکرز کے ڈرائیورز کے خلاف بھرپور کارروائی،22 سو سے زائد ڈرائیورز پر 11لاکھروپے سے زائد کا جرمانہ عائد، 212 ایسے آئل ٹینکرز کو نیشنل ہائی وے سے سفر کرنے سے روک دیا گیا جن کی فٹنس یا ٹائرز خستہ حال تھے ۔تفصیلات کے مطابق موٹر وے پولیس کی جانب سے خستہ حال ٹائرز اور خستہ حال فٹنس رکھنے والے آئل ٹینکرز کے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی تیز کردی گئی ہے۔اس سلسلے میں ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو کی زیر نگرانی موٹر وے پولیس نے نیشنل ہائی وے پر چند دنوں کے دوران 22 سو سے زائد ڈرائیورز پر 11لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا، جبکہ 212 ایسے آئل ٹینکرز کو نیشنل ہائی وے پر سفر کرنے سے روک دیا گیا جن کے ٹائرز خستہ حال اور فٹنس مکمل نہ تھی۔ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو نے روہڑی ٹول پلازا پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے جاری مہم میں ساڑھے 4ہزار سے زائد آئل ٹینکرز کے ڈرائیورز کو بریفنگ دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹر وے پولیس کی جانب سے آئل ٹینکرز کی فٹنس اور ٹائروں کو معمول کے مطابق چیک کیا جاتا ہے، تاہم احمد پور شرقیہ میں پیش آنے والے المناک حادثے کے بعد باریک بینی سے ایسے آئل ٹینکرز کو چیک کیا جارہا ہے جو کہ حادثات کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ کارروائی کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے اور ایسے آئل ٹینکرز کو نیشنل ہائی وے پر سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی جن کے ڈرائیورز اورگاڑیاں فٹ نہ ہوں۔