شادی لارج ‘ بھاری بھرکم بل بھیجنے کیخلاف شہریوں کا محکمہ گیس کیخلاف احتجاج

88

شادی لارج (نمائندہ جسارت )محکمہ سوئی گیس کے کمپیوٹرمیں فنی خرابی ،شادی لارج کھوسکی سمیت ضلع بھر کے سیکڑوں بل بھاری بھر کم بھیج دیے، صارفین کا ادائیگی سے انکار ،محکمہ کی جانب سے درست کرنے سے انکار، صارفین کو بل ادا کرنے کا مشورہ،صارفین کا سوئی گیس انتظا میہ کے خلاف احتجاج، حکام سے نو ٹس لینے کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطا بق محکمہ سوئی گیس حیدر آباد کے کمپیوٹر میں فنی خرابی کے باعث ضلع بدین کے مختلف شہروں شادی لارج، کھوسکی ،نندو ۔زون کے سوئی گیس استعمال کرنے والے صارفین کے بھاری بھر کم بل بھیج دیے گئے جنہیں دیکھ کر صارفین سخت پریشا نی میں مبتلا ہو گئے اور درجنوں صارفین مذکورہ بل لے کر سوئی گیس کے دفتر بدین پہنچے تو دفتر میں موجود عملے نے بل درست کرنے سے انکار کر دیا اور مذکورہ بل ادا کرنے کا مشورہ دیا جس میں شہری سخت پریشانی کا شکار ہو گئے اور انہوں نے سوئی گیس عملے کے خلاف شادی لارج اور کھوسکی میں احتجاج کیا اور درجنوں صارفین نے پریس کلب شادی لارج کے سامنے دھر نا دیا۔ اس موقع پر صارفین رانا محمد الیاس،رانجھو بھٹی ،جمن بھٹی اورعیسیٰ ودیگر نے بتایا کہ ان کے ماہا نہ یونٹ 40 سے زائد صرف ہو ئے جس کا 12ہزار سے زائد کا بل بھیجا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کا محکمہ دیگر محکموں سے بہتر تھا لیکن اب واپڈا اور سوئی گیس میں کوئی فرق نہیں ہے۔ انہوں نے سوئی گیس حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کے بلوں سے ناجائز ڈیڈکشن فوری ختم کی جائے دوسری صورت میںسخت احتجاج کیا جا ئے گا۔