اسلام آباد (صباح نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیت سے متعلق کیس میں درخواست گزار رہنما ن لیگ حنیف عباسی نے عمران خان کی منی ٹریل کو غیر واضح قرار دے دیا، حنیف عباسی نیعدالت عظمیٰ میں جمع کرائے گئے جواب میں موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان کی جانب سے ضمنی جواب منی ٹریل میں موجود خلا کو پر کرنے کی ناقص کوشش ہے۔ 2 لاکھ 75 ہزار ڈالر کی پاکستانی رقم میں تبدیلی بھی مشکوک ہے ،انہوں نے اپنے جواب میں موقف اختیارکیا کہ عمران خان نے راشد خان کے پہلے بینک لیٹر پرانحصار کیا اوربعد میں پہلے بینک لیٹر کی متعدد ٹرانزیکشنز سے لاتعلقی ظاہر کی عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کی جانب سے 20 ہزار ڈالر بھجوانے کی رقم جواب سے پہلے ظاہر نہیں کی گئی اور عمران خان نے ڈالرز کی پاکستانی روپے میں تبدیلی کے ثبوت بھی نہیں دیے، جبکہ جمائما کی جانب سے جنوری 2003 میں 1 لاکھ ڈالر بھجوانے کا بھی کوئی ثبوت نہیں ،یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ بنی گالہ اراضی کی ادائیگی کے چیک کس نے ایشو کیے جبکہ رقم کی پاکستانی روپے میں تبدیلی اور ادائیگیوں کا آپس میں تعلق نہیں بنتا۔ لندن فلیٹ نیازی سروسز کا اکلوتا اثاثہ تھا، عمران خان ثابت کرنے میں ناکام رہے۔ جمائما کے عمران خان کو چھوڑنے کے بعد ان کے نام پر زمین خریدنے کیا ضرورت تھی۔