قومی اقتصادی کونسل نے اربوں کے منصوبوں کی منظوری دیدی

78

اسلام آباد (اے پی پی) قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے اربوں روپے کی لاگت کے مختلف وفاقی اور صوبائی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔ ایکنک کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں کوٹوہائیڈرو پاور پروجیکٹ سے متعلق تجویز کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی 13 ارب 99 کروڑ 88 لاکھ روپے کی نظرثانی شدہ لاگت کے ساتھ منظوری دی۔ منصوبے کے تحت 40.8 میگاواٹ کے کوٹو ہائیڈرو پاورا سٹیشن کی تعمیر کی جائے گی۔ ایکنک نے پشاور سسٹین ایبل بس ریپڈ ٹرانزٹ کوریڈور پروجیکٹ کی 49 ارب 34 کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت کی منظوری دی۔ منصوبے میں 25.8 کلو میٹر طویل 2 رویہ سگنل فری بس ریپڈ ٹرانزٹ کوریڈور اور 32 اسٹیشنز کی تعمیر شامل ہے۔ ایکنک نے سندھ کے لیے 19 ارب 28 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (پرونشل سپورٹ) بڑھانے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے کا مقصد سرکاری اور نجی شراکت داری سے منصوبوں کی تیاری کے لیے حکومت سندھ کی استعداد کار بڑھانا ہے۔ ایکنک نے خیبر پختونخوا میں 13 ارب 92 کروڑ 66 لاکھ روپے کی نظرثانی شدہ لاگت کے ساتھ خیبر پختونخوا میں ہیلتھ سروسز ڈیلیوری کو یکجا کرنے کی بھی منظوری دی۔ اسی طرح ایکنک نے پنجاب میں آبپاشی و زراعت کی بہتری کے لیے 67 ارب 45 کروڑ 90 لاکھ روپے کی نظرثانی شدہ لاگت کے ساتھ پنجاب ایری گیٹڈ ایگریکلچر پروڈکٹویٹی امپروومنٹ پروجیکٹ کی بھی منظوری دی۔