مریضہ کو ویزا سرتاج عزیز کی سفارش پر جاری ہوگا‘ سشما سوراج

86

نئی دہلی (آئی این پی ) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستانی مریضہ کو ویزا جاری کرنے کی یقین دہانی کروا تے ہوئے کہا ہے کہ سرتاج عزیز کی سفارش پر پاکستانی مریضہ کو ویزا جاری کردیا جائے گا،سمجھ نہیں آتا سر تاج اپنے شہریوں کی سفارش کرنے سے کیوں ہچکچا رہے ہیں۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی شہری سے ہمدردی ہے اور مجھے یقین ہے کہ سرتاج عزیز بھی اپنے ملک کے شہریوں کے بارے میں سوچتے ہیں ۔بعدازاں سشما سوراج نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی والدہ ایوانتیکا یادیو کی ویزا درخواست کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ درخواست پاکستان میں تعطل کا شکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرتاج عزیز نے اس خط پر بھی کوئی جواب نہیں دیا، جو انہوں نے ذاتی طور پرمجھے لکھا تھا، جس میں ایوانتیکا یادیو کی ویزا درخواست کو منظور کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی سفارت خانے نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے لاہور کی شہری کینسر کی مریضہ فائزہ تنویر کو ویزا دینے سے انکار کردیا تھا۔