معاشی و جمہوری کرپشن کا خاتمہ خوشحال پاکستان کیلیے ضروری ہے

110

لاہور( نمائندہ جسارت ) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی اور انتخابی امور کے ماہرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی جمہوری پارلیمانی نظام کو آئین کے مطابق مستحکم کرنے کے لیے معاشی اور جمہوری کرپشن کا خاتمہ قومی سلامتی اور خوشحال پاکستان کے لیے ضروری ہوگیاہے ۔ پاناما کیس ،جے آئی ٹی رپورٹ اورعدالت عظمیٰ کے احتساب کے فیصلے کے قومی سیاست اور عوامی رائے پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے، حکمران اور کرپٹ مافیا احتساب کو سوچے سمجھے منصوبے کے ساتھ متنازع بنارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک نے کرپشن کے خلاف عوام میں بیداری اور شعور دیاہے ۔ ملک کو سیاسی ، معاشی اور نظریاتی بحران سے نکالنے کے لیے جماعت اسلامی ہی دینی قوتوں کے اتحاد سے فیصلہ کن کردار ادا کرے گی ۔ سیاسی جماعتوں میں پناہ لینے والے ہر کرپٹ فرد کا احتساب نوشتہ دیوار ہے ۔دریں اثناء لیاقت بلوچ نے معروف صحافی وکالم نویس آصف علی پوتا کے انتقال پر مرحوم کے والد سے تعزیت کی اور سینئر صحافی و کالم نویس سعید بدر کی عیادت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میدان صحافت میں صحافی حضرات نے بڑے مشکل حالات میں اپنا پیشہ وارانہ کردار ادا کیاہے۔ مخلص، محنتی اورپیشے سے وفادار صحافیوں نے آزادی صحافت اور جمہوری حقوق کی بحالی کے لیے ہمیشہ زندہ کردار ادا کیاہے ۔ حکومت شہید ، مرحوم اور سینئر صحافیوں کے لیے خصوصی اقدامات کرے۔