ویتنام: سیلاب سے 9 جاں بحق جاپان میں ہلاکتیں 20ہوگئیں

149

ہنوئی ؍ ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) ویت نام کے شمالی حصوں میں گزشتہ ہفتے کے اختتام تک سیلاب کے باعث 9 افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام نے پیر کے روز بتایا کہ 2 دیگر افراد لاپتا بھی ہیں۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ملکی ادارے کے مطابق متاثرین میں ایک جوڑا اور ان کے 2 بچے بھی شامل ہیں جن کی کار تھائی نوئِن صوبے میں ایک پْل پر سے گزرنے کے دوران سیلاب میں بہہ گئی تھی۔حکام کے مطابق سیلاب اور تودے گرنے کے سبب 80 گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور علاقے میں نقل وحمل کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔دوسری جانب جاپان میں نانماڈول طوفان کے بعد ہونے والی شدید اور مسلسل بارش اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 21 تک پہنچ گئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ملک کے جنوب مغربی علاقوں میں آنے والے طوفان سے 21 افراد ہلاک اور 20 لاپتا ہو گئے ہیں۔سیلاب سے سب سے زیادہ فکوکا،عاساکورا اور عویٹا شہروں کو نقصان پہنچا ہے۔ ان علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اب تک 1700 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔محکمہ موسمیات کی اطلاع کے مطابق جنوب مغربی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔عوام کو تودے گرنے اور دیگر آفات سے ہوشیار رہنے کے لیے خبردار کیا گیا ہے۔