پاناما کیس‘آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کیلیے اپوزیشن متحرک

86

اسلام آباد(آئی این پی )پاناما اسکینڈل میں وزیراعظم محمد نوازشریف اور ان کے صاحبزادوں کو ملوث قرار دینے کے معاملے پر آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کے لیے بڑی اپوزیشن جماعتوں میں رابطے شروع ہو گئے، مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے آج(منگل کو) اسلام آباد میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے درمیان ملاقات ہوگی ۔ اس ملاقات کے نتیجے میں وسیع تر مشاورت کے لیے دیگر جماعتوں سے رابطوں کا بھی امکان ہے۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ پیش ہونے کے بعد قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے رابطہ کیا اور ملک کی ممکنہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور اپوزیشن کے متوقع آپشنز پر مشاورت کی۔ دونوں قائدین کے درمیان ملاقات میں جماعت اسلامی، مسلم لیگ (ق) اور دیگر جماعتوںسے رابطوں اور متحدہ حزب اختلاف کا وسیع ترمشترکہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ متوقع ہے۔