پاناما کیس ختم نہیں ہوا، فیصلہ آنے میں وقت لگے گا، اعتزاز احسن

103

لاہور (آن لائن) جے آئی ٹی کی رپورٹ عدالت عظمیٰ میں جمع کروانے کے بعد ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار کے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد شریف فیملی کے خلاف کیس ختم نہیں ہوا، ابھی عدالتی فیصلے میں وقت لگے گا اور مزید تاریخیں ہونگی، عدالت عظمیٰ نے فریقین کو جے آئی ٹی کی رپورٹ فراہم کرنے کا حکم دیا ہے جس کے بعد فریقین کے دلائل ہونگے جبکہ ججز بھی رپورٹ کا مطالعہ کریں گے۔ لہٰذا فوری فیصلے کا امکان نہیں جبکہ بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ اگر رپورٹ میں کوئی ابہام نہیں ہے تو عدالت عظمیٰ نواز شریف یا دیگر ذمے دار افراد کو نااہل قرار دے سکتی ہے۔ اگر رپورٹ میں ابہام ہوا تو مزید کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کو حکم جاری کر سکتی ہے۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ کے سابق صدر بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 184 (3) کے تحت عدالت عظمیٰ ٹرائل نہیں کرا سکی تاہم وہ ’’کووارنٹو‘‘ رٹ پر فیصلہ بھی کر سکتی ہے یا رپورٹ کی بنیاد پر مزید تحقیقات کا حکم دے سکتی ہے۔